پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کی تقریب رونمائی کا دعوت نامہ کراچی کی بجائے مردان کے گھر بھجوادیا جس کے باعث مایہ ناز پلیئر تقریب میں شرکت نہیں کرسکے ،دعوت نامہ نہ ملنے کے بعد یونس خان نے میڈیا کے سامنے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر پی سی بی نے تجربہ کار بلے باز کے خلاف تادیبی کارروائی کا عندیہ دے دیا تھا ، پی سی بی آفیشل نے فون کرکے آگاہ کیا ، گلے شکوے کے بعد یونس خان معاملہ ختم کرنے پر رضا مند ہوگئے

جمعرات 24 ستمبر 2015 08:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی سی بی) کی تقریب رونمائی کا دعوت نامہ کراچی کے بجائے مردان کے گھر بھجوادیا تھا جس کے باعث مایہ ناز بلے باز تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔تاہم ایک بورڈ آفیشل سے گلے شکوے کے بعد یونس خان معاملہ ختم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے یونس خان کو دعوت نامہ بھجوانے کے معاملے کی چھان بین کی جس کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ دعوت نامہ کراچی کے بجائے ان کے مردان والے پتے پر بھجوایا گیا۔

بعدازاں اعلیٰ پی سی بی آفیشل نے یونس خان کو فون کرکے معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا جس کے بعد معاملات طے پاگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونس خان نے ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے اور پاکستان سپر لیگ کی تقریب میں عدم شرکت کے بعد بورڈ حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

یونس خان نے ایک انٹرویو میں کہا " اگر میں منتخب نہ ہوا تو ون ڈے ٹیم کھڑی نہیں ہوسکے گی"۔

اس پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ یونس خان جن کی ون ڈے ایوریج گزشتہ تین سال کے دوران 29 میچز میں 18.32 رہی، واضح طور پر ’فرسٹریشن‘ کا شکار ہیں۔اس کے علاوہ سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی یونس کو ون ڈے ٹیم سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔خیال رہے کہ دعوت نامہ نہ ملنے کے بعد یونس خان نے میڈیا کے سامنے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر پی سی بی نے تجربہ کار بلے باز کے خلاف تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔