ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادسے ملاقا ت ، ملاقات میں صوبہ سندھ اور کراچی میں امن و امان کی حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا

جمعرات 24 ستمبر 2015 09:05

کراچی،( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے آج گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقا ت کی ۔ ملاقات میں صوبہ سندھ اور کراچی میں امن و امان کی حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ اور شہر کراچی سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پچھلے چند ماہ میں امن و امان کے حوالے سے بہت بہتری آئی ہے جس کا اعتراف تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد برملا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے لے کر عید الاضحی تک کاروباری افراد نے امن و امان کی اس بہتری کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے ۔ گزشتہ برسوں کے مقابلہ میں اس سال کاروبار میں واضح فائدہ حاصل ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز نے جس طرح سے دہشت گردی کے عفریت ختم کرنے میں کردار ادا کیا اس کے سب معترف ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے گورنرسندھ کو بتایا کہ عوام نے ادارے پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کا ادارہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں حالیہ کامیابی عوام کے دئے ہوئے اعتماد کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کے تحت دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں رینجرز کے کئی جوانوں نے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا۔اس موقع پر اس عظم کا اظہار کیا گیا کہ کراچی کو خطے کا پر امن شہربنانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، صوبہ اور شہر سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔