انگلینڈ اور ویلز میں گاڑیوں میں بچوں کے ہمراہ سفر کے دوران تمباکو نوشی پر پابندی کا قانون نافذ، خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور مسافروں کو 50 پاوٴنڈ جرمانہ ادا کرنا ہو گا

جمعہ 2 اکتوبر 2015 09:09

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2015ء)انگلینڈ اور ویلز میں گاڑیوں میں بچوں کے ہمراہ سفر کے دوران تمباکو نوشی پر پابندی کا قانون نافذ ہو گیا ہے۔اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور مسافروں کو 50 پاوٴنڈ جرمانہ ادا کرنا ہو گا تاہم برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر اس قانون کے حوالے سے نرم پالیسی اپنائے گی۔اس قانون کے مطابق برطانیہ میں جب بھی 18 سال سے کم عمر کا بچہ گاڑی میں سفر کر رہا ہو گا تو سگریٹ پینے والے افراد گاڑیوں کے شیشے یا سن روف کھلے ہونے کے باوجود تمباکو نوشی نہیں کر سکیں گے۔

تاہم اس قانون کا اطلاق ایسے افراد پر نہیں ہو گا جو کنورٹیبل گاڑی کی چھت نیچے کر کے چلا رہے ہوں گے۔اس قانون کا اطلاق ای سگریٹ پر بھی نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سکاٹ لینڈ کی پارلیمان کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ بھی آئندہ برس سے بچوں کے ہمراہ گاڑی میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کرے گی۔دریں اثنا شمالی آئر لینڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ گاڑی میں بچوں کے ہمراہ تمباکو نوشی پر پابندی کے قانون کا جائزہ لینے کے بعد اس قانون کو نافذ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔برطانیہ کی پھیپھڑوں سے متعلق فاوٴنڈیشن کے مطابق ہر ہفتے 4,30,000 سے زیادہ بچے گاڑیوں میں سیکنڈ ہینڈ سموک سے متاثر ہوتے ہیں۔