حکومتی فورسز نے شمالی شہر قندوز کے بڑے حصے کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا؛ افغان حکام کا دعویٰ

جمعہ 2 اکتوبر 2015 09:14

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2015ء) افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی فورسز نے شمالی شہر قندوز کے بڑے حصے کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ قندوز کے گورنر حمد اللہ دانشی نے بتایا کہ فغان سیکیورٹی فورسز نے شدید لڑائی کے بعد قندوز شہر طالبان کے قبضے سے آزاد کروالیا ہے،افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بتایا کہ کارروائی کا آغاز بدھ کی رات 11 بجے کیا گیا جو صبح 4 بجے اختتام پذیر ہوئی، اب طالبان قندوز سے جاچکے ہیں اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے،دوسری جانب طالبان ترجمان نے حکومتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان جنگجو اب بھی حکومتی فورسز سے لڑائی میں مصروف ہیں اور شہر کے بیشتر حصے پر قابض ہیں، طالبان جنگجووٴں نے شہر کے اطراف میں اہم مقامات پر اپنی پوزیشنز مزید مستحکم کرلی ہیں اور افغان فورسز کی پیش قدمی روکنے کے لیے گزر گاہوں پر بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔

(جاری ہے)

قندوز شہر میں طالبان نے سڑکوں پر کنٹینر نصب کردیئے ہیں تاکہ کوئی شخص شہر کے اندر اور باہر نہ جاسکے۔قندوز کے قریب ایک پہاڑی بالا ہسار پر قائم اہم چیک پوسٹ پر تعینات 200 افغان سیکیورٹی اہلکار خوراک اور اسلحے کی کمی کے باعث اسے چھوڑنے پر مجبور ہوگئے جس سے افغان حکومت کو مزید پریشانی کا سامنا ہے، ادھر افغان انٹیلی جنس ایجنسی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فضائی اڈے پر کی جانے والی امریکی فضائی کارروائی میں طالبان کے قندوز کے لیے نامزد گورنر ملا عبدالسلام دیگر 15 ساتھیوں کے ساتھ ہلاک ہوگئے تاہم طالبان نے افغان انٹیلی جنس کی اس رپورٹ کو بھی مسترد کر دیاہے۔

متعلقہ عنوان :