چوہدری شیر علی اور رانا ثناء اللہ کے مابین چوہدراہٹ کی جنگ میں شدت ، سابق ایم این اے شیرعلی نے فیصل آباد شہر کے157حلقوں میں سے تقریباً80یونین کونسلوں پر اپنے امیدوار میدان میں کھڑے کردئیے ، دوسری طرف رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرانے اور چیئرمین شپ اور ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کیلئے لائحہ عمل تیا رکیا گیا

جمعہ 2 اکتوبر 2015 08:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2015ء)پاکستان کے تیسرے بڑے شہر اور پنجاب کے دوسرے میں بلدیاتی انتخابات میں وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کے والد چوہدری شیر علی سابق مےئر/سابق ایم این اے اور صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اللہ کے مابین ہونے والی چوہدراہٹ کی جنگ نے شدت اختیار کرلی،چوہدری شیرعلی سابق ایم این اے نے فیصل آباد شہر کے157حلقوں میں سے تقریباً80یونین کونسلوں پر اپنے امیدوار میدان میں کھڑے کردئیے ہیں،یہ امیدوار میر گروپ کے نام سے انتخابات میں حصہ لیں گے اور ان امیدواروں کو ریٹرننگ افسر نے پارٹی کے نشانات الاٹ کردئیے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کے والد چوہدری شیر علی سابق ایم این اے نے خبر رساں ادارے کو خصوصی ملاقات میں بتایا کہ فیصل آباد شہر کے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں میاں طاہر جمیل اور خواجہ محمد اسلام میں ان کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو انہوں نے تجویز دی تھی کہ شہر کے تمام حلقوں کو اوپن کردیا جائے تاکہ مسلم لیگ(ن) کے پرانے کارکن جنہوں نے جیل کی قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے علاوہ پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں انہیں ٹکٹ دیا جائے مگر چند ایسے لوگ جو پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں انہوں نے ایسا کرنے نہیں دیا،چنانچہ فیصل آباد شہر کی تاجر کاروباری اور کارکنوں کے مطالبے پر انہوں نے میرگروپ کے نام پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے،جس میں157 میں سے 80یونین کونسلوں میں سے چےئرمین اور ان کے پینل کے اراکین میر گروپ کی طرف سے پارٹی کے نشان پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اللہ نے کی۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری داخلہ،کمشنر،ڈی سی او اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو بلدیاتی انتخابات میں کامیاب کرانے اور مین شپ اور ضلع کونسل کی چےئرمین شپ کیلئے لائحہ عمل تیا رکیا گیا