اپنی فارم سے پریشان نہیں ، ایک اننگز کی مار ہے ، شاہد خان آفریدی ، کوشش کرونگا آنے والے میچوں میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کروں ، آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ ٹیم کا جو کمبی نیشن سوچ رہے ہیں وہ بن رہا ہے، کپتان ٹی 20،ورلڈ ٹی20 بہت اہم ٹورنامنٹ ہے اسی وجہ سے اسی ماہ لاہور منتقل ہورہا ہوں ، وہاں رہ کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچز کے ساتھ زیادہ وقت ٹریننگ میں گزار نے کا موقع ملے گا ، انٹرویو

جمعہ 2 اکتوبر 2015 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2015ء) پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی موجودہ فارم سے پریشان نہیں ہیں اور انھیں یقین ہے کہ ایک اچھی اننگز کھیل کر وہ پھر فارم میں آجائیں گے۔زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اپنی موجودہ بیٹنگ فارم سے پریشان نہیں ہیں۔

اس سے پہلے بھی انھیں اس طرح کی صورتحال کا سامنا رہا ہے اور وہ اس سے نکل چکے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ گذشتہ سال ایشیا کپ کے موقع پر بھی ان کی بیٹنگ فارم کے بارے میں کافی باتیں ہو رہی تھیں لیکن اس وقت بھی انھوں نے34 رنز ناٹ آوٴٹ اور 59 رنز کی دو اہم اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی دلائی تھی۔

(جاری ہے)

اس بار بھی ایک اچھی اننگز سب کچھ ٹھیک کردے گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ آنے والے میچوں میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کریں۔انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ ٹیم کا جو کمبی نیشن سوچ رہے ہیں وہ بن رہا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بہت اہم ٹورنامنٹ ہے اور اسی وجہ سے وہ اسی ماہ لاہور منتقل ہو رہے ہیں تاکہ وہ وہاں رہ کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچز کے ساتھ زیادہ وقت ٹریننگ میں گزار سکیں۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے اختتام پر ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور انھوں نے آئندہ سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔شاہد آفریدی نے 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جو ہموطن سعید اجمل کی سب سے زیادہ85 وکٹوں کے بعد دوسری بڑی تعداد ہے۔

متعلقہ عنوان :