حیدر آباد اور لڑکی کا واقعہ بالکل غلط ہے ، عمر اکمل ،مجھ پر لگے الزامات بے بنیادہیں ، پی سی بی نوٹس کا آج جواب دے دونگا ، آگے بورڈ کی مرضی ،پاکستان کیلئے لمبے عرصے تک کھیلنا چاہتا ہوں ، مسائل میں نہ الجھایا جائے ،ذاتی زندگی متاثر ہورہی ہے ، مشکل وقت میں شاہد آفریدی کے سپورٹ کرنے پر ان کا مشکور ہوں ،میڈیا نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا ، امید ہے مجھے بھی سپورٹ کرے گا ، اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب

پیر 16 نومبر 2015 08:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16نومبر۔2015ء) قومی کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ حیدر آباد اور لڑکی کا واقعہ بالکل غلط ہے ، اس حوالے سے مجھ پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بالکل غلط ہیں ، پی سی بی کو آج صبح تک جواب دے دونگا ، میں پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں ، مسائل میں نہ الجھایا جائے ۔ لاہور میں اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیتے ہوئے قومی کرکٹر عمر اکمل کا کہنا تھا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں حیدر آباد میں ہونے والا واقعہ اور لڑکی کا معاملہ بالکل غلط ہے مجھے پر غلط الزامات لگائے گئے ہیں اپنے ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو آج نوٹس کا جواب دے دونگا آگے پی سی بی کی مرضی ہے وہ کیا کرتی ہے میرا دل اس حوالے سے بالکل صاف ہے ۔

عمر اکمل نے کہا کہ میں پاکستان کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں اور لمبا عرصے تک کھیلنا چاہتا ہوں مجھے مسائل میں نہ الجھایا جائے میری ذاتی زندگی متاثر ہورہی ہے میڈیا نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا ہے امید ہے مجھے بھی سپورٹ کیاجائے گا اور حقائق پر مبنی بات کرے گا ۔

(جاری ہے)

ہماری ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور بہت سے ایونٹ جیتے ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ قواعد وضوابط کی پابندی ہے اور میرے حوالے سے میرے ڈیپارٹمنٹ کے کپتان توفیق عمر بھی بہتر جانتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں عمر اکمل نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا بہت مشکور ہوں انہوں نے پی سی بی سے میرے حق میں آواز اٹھائی یہ ایک اچھے کپتان کی نشانی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کیلئے لڑتا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ مکمل فٹ ہوں اور سخت ٹریننگ کررہا ہوں اور اس کا ثبوت ٹی 20کپتان شاہد آفریدی کا مجھ پر اعتماد ہے میرے ڈیپارٹمنٹ کے کپتان توفیق عمر بھی میری کارکردگی سے خوش ہیں ۔ امید ہے جلد اس مسئلے سے نکل کر انگلینڈ کیخلاف ٹی 20ٹیم کا حصہ ہونگا