شام پر اختلافات ختم کرنے کیلئے جان کیری کا روس کا دورہ ، دورے کے دوران روسی صدر ولادی میر پوٹن اور اپنے ہم منصب سرگے لاوروف سے ملاقاتیں کریں گے

بدھ 16 دسمبر 2015 10:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری شام میں جاری خانہ جنگی کے سیاسی حل پر روس اور امریکہ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے ماسکو پہنچ گئے ہیں۔جان کیری اپنے اس دورے کے دوران روسی صدر ولادی میر پوٹن اور اپنے ہم منصب سرگے لاوروف سے ملاقاتیں کریں گے۔امریکہ اور روس کے درمیان شام میں جاری خانہ جنگی کو ختم کرنے کے حوالے سے شامی صدر بشار الاسد کے کردار پر اختلاف پایا جاتا ہے۔

امریکہ کی خواہش ہے کہ صدر بشار الاسد اقتدار چھوڑ دیں جبکہ روس کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ صرف شامی عوام کر سکتی ہے۔بات چیت سے قبل روس کے وزارت خارجہ نے امریکی پالیسی پر سوالات اٹھائے ہیں اور الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ نے ’شدت پسندوں کو اچھے اور برے کی درجہ بندی میں تقسیم کیا ہے۔

(جاری ہے)

‘روس شام میں فضائی حملے کرتا آرہا ہے جن میں اس کے مطابق وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ امریکہ الزام عائد کرتا ہے کہ روس باغیوں کو نشانہ بنا رہا تاکہ اپنے اتحادی صدر بشار الاسد کو مضبوط کر سکے۔

روس ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔دوسری جانب امریکی اتحادی دمشق میں حکام کے ساتھ تعاون کیے بغیر گذشتہ سال ستمبر سے شام میں دولت اسلامیہ کے جنگجووٴں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔جان کیری رواں ہفتے شام پر ہونے والے بین الاقوامی مزاکرات کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں گے۔جبکہ شامی حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکارت بھی آئندہ سال جنوری میں ہونے کے امکانات ہیں۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جان کیری ماسکو کے دورے کے دوران مشرقی یوکرین میں استحکام کے لیے مسلسل کوششیں کرنے کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :