لاہور ہائیکورٹ ، کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کیخلاف ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد کی کارروائی فوری روکنے کی استدعا مسترد،، کسٹم انویسٹی گیشن سے بائس دسمبر تک جواب طلب کر لیا

بدھ 16 دسمبر 2015 09:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء) جسٹس عبدالسمیع خان نے ایان علی کی فرد جرم عائد کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت کی، ایان علی کی طرف سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ کسٹمز انٹیلی جنس نے ایان علی کیخلاف پانچ لاکھ ڈالر کرنسی سمگل کرنے کی کوشش کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ کسٹمز حکام نے ایان علی کو راولپنڈی ایئرپورٹ کے اس مقام سے گرفتار کیا جہاں جانے کے لئے بورڈنگ کارڈ کی ضرورت نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

پاکستانی شہریوں کو کرنسی سمگلنگ سے متعلق سٹیٹ بینک کے سرکلرسے متعلق معلومات ہونا ضروری نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹم حکام نے ایان علی چار ماہ تک غیر قانونی حراست میں رکھا اور ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوسکا حالانکہ ایان علی کیخلاف کوئی ٹھوس شہادت اور گواہ نہیں ہے مگر پھر بھی ٹرائل کورٹ نے ایان علی پر فرد جرم عائد کر دی ہے اور اس پر مزید کارروائی شروع کردی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو فرد جرم پر کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے، عدالت فرد جرم پر کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کسٹم انویسٹی گیشن کو بائس دسمبر کیلئے جواب داخل کرانے کا حکم دیدیا۔