ٹارگٹ کلنگ اور کرپشن کرنے والے چاہتے ہیں کراچی سے رینجرز چلی جائے‘ عمران خان ،بھتہ مافیا اور مجرموں کو رینجرز سے خطرہ ہے‘ 23 دسمبر کو دھاندلی روک لی گئی توجہانگیر ترین جیت جائیں گے، اڑھائی ارب سے لودھراں کے عوام کو خریدا نہیں جاسکتا، نواز شریف دھاندلی کرکے اقتدار میں آتے ہیں، سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلانے تک ساتھ کھڑا رہوں گا، لودھراں میں جلسہ سے خطاب

بدھ 16 دسمبر 2015 10:13

لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور کرپشن کرنے والے چاہتے ہیں کہ کراچی سے رینجرز چلی جائے‘ بھتہ مافیا اور مجرموں کو رینجرز سے خطرہ ہے‘ 23 دسمبر کو دھاندلی روک لی گئی توجہانگیر ترین جیت جائیں گے‘ اڑھائی ارب سے لودھراں کے عوام کو خریدا نہیں جاسکتا۔

نواز شریف دھاندلی کرکے اقتدار میں آتے ہیں۔ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلانے تک ساتھ کھڑا رہوں گا۔ لودھراں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے کہتا ہوں ہر بکاؤ نہیں ہوتی ۔ میاں صاحب کو الیکشن سے پہلے لودھراں یاد نہیں آیا ۔ میاں صاحب نے سیاستدانوں کی قیمت لگائی ۔ نوجوان آج کھڑے نہیں ہوں گے تو ساری زندگی غلامی کی زندگی گزاریں گے۔

(جاری ہے)

کے پی کے میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائیاں نہیں ہوئیں کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج نہیں ہے۔ پنجاب میں سینکڑوں تحریک انصاف کے کارکنوں پر ایف ائی آر کاٹی گئیں۔ لوگوں کے کاروبار بند کرادیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کو آج یاد آگیا کہ الیکشن کمیشبن صحیح کام نہیں کررہا۔ شکر ہے ایاز صادق نے مان لیا۔ ان کی جماعت تو نہیں مان رہی‘ انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے سپیکر صاحب ہیٹرک ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ خصوصاً کراچی کے لوگ چاہتے ہیں کہ رینجرز کراچی میں رہے‘ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نہیں چاہتی کہ رینجرز رہے۔ جنہوں نے کرپشن اور ٹارگٹ کلنگ کی وہ چاہتے ہیں رینجرز چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ کے پی کے کی پولیس مثالی ہے کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ کے پی کے میں احتساب بھی غیر جانبدار ہے۔

انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں جو کرپٹ لوگوں کو پکڑانا چاہتا ہے تو آکر پکڑے ہماری حکومت مدد کرے گی۔ پیپلزپارٹی کا یہ موقف تو ٹھیک ہے کہ احتساب پورے ملک میں ہونا چاہیے ۔ پنجاب میں بھی احتساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جو ہوا سب جانتے ہیں حکومت کے مقابلے میں لڑنے والے بلدیاتی امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پنجاب اور سندھ میں اختیارات وزرائے اعلیٰ نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں نچلی سطح پر منتقل نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔