امریکی اخبار کا روسی صدر کے قریبی ساتھی اور بلیک واٹر کے بانی کی خفیہ ملاقات کا دعویٰ

بلیک واٹر کے بانی ایرک پرنس کے ترجمان نے تمام الزامات کومن گھڑت قراردیدیا

منگل 4 اپریل 2017 14:07

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بدنام زمانہ امریکی کمپنی بلیک واٹر کے بانی ایرک پرنس اور روسی صدرپیوٹن کے قریبی ساتھی کے درمیان خفیہ ملاقات کا دعوی کردیا۔امریکا اور روس کے تعلقات تنازعات کا شکار ہوکردن بدن پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں اور اب امریکی اخبار کے نئے انکشاف نے معاملے کو مزید الجھا دیاہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بلیک واٹر کمپنی کے بانی ایرک پرنس نے 11 جنوری کو پیوٹن کے قریبی ساتھی سے متحدہ عرب امارات میں ملاقات کی جس میں خود کو ٹرمپ کا قابل اعتماد ساتھی ظاہر کیا اور بیک چینل رابطے استوار کرانا چاہے۔امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات ٹرمپ کی حلف برداری سے نو دن قبل ایک جزیرے میں کی گئی اور بلیک واٹر کے بانی نے اپنے آپ کو ٹرمپ کا غیر سرکاری سفیر کہہ کر متعارف کروایا اور روس سے ایران کے ساتھ شام کے تناظر میں تعلقات کو کم کرنے کا عندیہ دیا، ملاقاتوں کا یہ سلسلہ 2 دن جاری رہا۔

سکیورٹی فراہم کرنے والی بدنام زمانہ نجی کمپنی بلیک واٹر کے بانی ایرک پرنس کے ترجمان نے تمام الزامات کومن گھڑت قراردیتے ہوئے کہا کہ ملاقاتوں کا تعلق ڈونلڈ ٹرمپ سے نہیں تھا۔