ایلیٹ فورس جرائم پیشہ افراد کے خلاف دو دھاری تلوار ہے ، آئی جی پنجاب

صوبے میں جب کسی فورس کو بہترین تربیت سے آراستہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو اسکی ذمہ داری ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کو سونپی گئی، مشتاق سکھیرا

منگل 4 اپریل 2017 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس جرائم پیشہ افراد کے خلاف دو دھاری تلوار ہے اور ایلیٹ ٹریننگ فورس کے معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صوبے میں جب کسی فورس کو بہترین تربیت سے آراستہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو اسکی ذمہ داری ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کو سونپی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی و غیر ملکی اداروں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے تربیتی معیار کو دنیا کے تمام سپیشل تربیتی اداروں کے ہم پلہ قرار دیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ نئی بننے والی کاؤنٹر ٹیررازم فورس کی ٹریننگ کی ذمہ داری بھی ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کو سونپی گئی اور سی ٹی ڈی کی آپریشنل ٹیموں کو ایلیٹ ٹریننگ سکول سے مسلسل ریفرشر کورسز بھی کروائے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں ایلیٹ فورس کے اٹھارویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایلیٹ ٹریننگ سکول کے معیار کو بلندی تک پہنچانے میں حکومت پنجاب کی سرپرستی کا بھی بڑا دخل ہے جس نے سکول میں جاری ترقیاتی منصوبو ں کیلئے مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی اوراس ادارے میں قابل ترین پولیس و آرمی آفیسرز کی تعیناتی میں خصوصی دلچسپی لی جس کی بدولت تربیتی معیار بہتر ہوا اور یہ ٹریننگ سنٹر بنیادی ایلیٹ کورس کے علاوہ آفیسرزکومبیٹ اورینٹیشن کورس، انسٹرکٹرز کورس ، ٹریفک وارڈنز ، ریسکیو 1122، محکمہ جیل پنجاب ، آزاد کشمیر پولیس ، سیکورٹی ڈویژن لاہور ، پنجاب رینجرز ، اسلام آباد پولیس اور پرائیویٹ سیکورٹیز کمپنیز کے گارڈرز کو بھی انکی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرتا ہے ۔

انہوں نے بہترین افسران کی خدمات ایلیٹ ٹریننگ سکول کو فراہم کرنے پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس ضمن میں مستقبل میں بھی یہ خصوصی تعاون جاری رکھیں گے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی پنجاب لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ سردار محمد ایوب خان گادھی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے سپورٹس جہانگیر خانزادہ ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محسن حسن بٹ سمیت دیگرسینئر پولیس افسران اور کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میجر علی نواز جنجوعہ بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی پنجاب لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ سردار محمد ایوب خان گادھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ایلیٹ فورس کے جوانوں نے اپنے خون سے ادارے کی آبیاری کرتے ہوئے اسے شجر سایہ دار بنادیا ہے ۔ انہوں نے ایلیٹ پولیس فورس کے آفیسرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ان تھک محنت سے یہ ادارہ اس مقام تک پہنچ گیا ہے جس کے بارے میں 19 سال قبل اسکی بنیاد رکھتے ہوئے سوچا گیا تھا ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ جوان ایثار و قربانی کی روشن مثالیں قائم کرکے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند رکھیں گے ۔

اٹھارویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 506 افسرو جوانوں شریک ہوئے جن میں پنجاب پولیس کے 410اور جیل خانہ جات کے 96جوان شامل تھے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں جوانوں نے فائرنگ پریکٹس، جسمانی و تکنیکی مہارت کی مشقوں کے علاوہ دہشت گردی کے حملے کی صورت میں اسے ناکام بنانے کی حکمت عملی کامظاہرہ بھی پیش کیا ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے اختتام پرٹریننگ کے چھ ماہ میں مختلف شعبوں میں اعلی کارکردگی دکھانے والے جوانوں و افسران کو انعامات و اسناد سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر پولیس بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں بکھیر کرپریڈ کے شرکا اور حاضرین کے دلوں کو گرمائے رکھا ۔

متعلقہ عنوان :