ملک کے مختلف حصوں میں طوفان بادوباراں نے تباہی مچادی ،تیز ہوائوں اور موسلادھار بارش سے کئی علاقے زیر آب ، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،کئی گاڑیوں کو شدید نقصان،بعض افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات

محکمہ موسمیات کی آئندہ 24 گھنٹوں میں 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا بھی امکان، ندی نالوں میں طغیان،یلینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارو ں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

منگل 4 اپریل 2017 23:32

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء) وفاقی دارالحکومت اورراولپنڈی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں طوفان بادوباراں نے تباہی مچادی ،گھنگھور گھٹائوں نے دن کے وقت بھی شام کا ماحول پیدا کر دیا اورہرطرف اندھیرا چھاگیا ، تیز طوفانی ہوائوں اور موسلادھار بارش سے سیکٹرز سمیت ملک کے کئی علاقے ، کچی آبادیاں اور بستیاں زیر آب آ گئیں ،بڑی تعداد میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اوروہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پرآن گرے جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا،اس دوران بعض افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔

منگل کی سہہ پہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو گہری سیاہ گھٹاوں نے گھیر لیا، تیز ہواوں کے ساتھ بادل برس پڑے کئی علاقے زیرآب آگئے ، شہریوں ، کالے بادل چھانے سے وفاقی دارالحکومت کا منظر بھی حسین ہوگیا ۔

(جاری ہے)

دن بھر کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے، تیز ٹھنڈی ہواوں سے موسم خوشگوار ہو گیا،کالی گھنگھور گھٹاوں نے دن میں شام کا ماحول پیدا کر دیا ابتداء میں رم جھم ہوئی بعد میں طوفانی ہوائیں چلنے لگیں اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو رات گئے جاری رہا ۔

طوفانی ہوائوں اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی سیکٹرز میں شدید نقصانات ہوئے درخت گاڑیوں پر آگرے ۔ بجلی کی فراہمی رک گئی جب کہ رہائشی علاقوں کے مکانات کی چار دیوارویں پر بھی درخت آ گرے ۔ بعض علاقوں میں بھاری بھرکم درخت گرنے سے پارکنگ ایریاز میں کھڑی گاڑیاں تباہ ہو گئیں ۔ نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دورا ن خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال ڈویژن میں بعض مقامات پرتیز ہواں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مالاکنڈ ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی/لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ۔اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بدھ کے ساتھ جمعرات کو بھی بارش اورژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے ۔ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، لاہور، فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی/لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ۔اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: کالام18، دیر17، بالاکوٹ15، پارہ چنار، کاکول12، میرکھنیِ پٹن10، پشاور(ائیرپورٹ07، سٹی05)، چراٹ، سیدوشریف07، مالم جبہ 06، لوئردیر 03، دروش، چترال، کوہاٹ02، بنوں 01۔ پنجاب: مری22، اسلام آباد(زیروائنٹ 15، سیدپور09، بوکرہ07، گولڑہ05)، راولپنڈی (چکلالہ06)، کامرہ05،سیالکوٹ، فیصل آباد02 ، منگلا، گوجرانوالہ، قصور، نورپورتھل، جھنگ، منڈی بہائولدین، گوجرانوالہ01۔

کشمیر:راولاکوٹ22، گڑھی دوپٹہ11، مظفرآباد 10 ، کوٹلی09، گلگت بلتستان: استور10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: لاڑکانہ 46، دادو 45، سکھر،موہنجوداڑو، شہید بینظیرآباد، تربت، پڈعیدن44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارو ں سمیت دیگرمتعلقہ ادارو ں اوران کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی …(م د+اع)