شناختی کارڈز منسوخ کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

منگل 4 اپریل 2017 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)لاہور ہائیکورٹ نے شناختی کارڈز منسوخ کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت سے 2مئی تک جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار نے ولی محمد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

جس نے موقف اپنایا کہ اس کا خاندان طویل عرصے سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں رہائش پذیر ہے لیکن نادرا نے بغیر وجہ بتائے گھر کے تمام افراد کے شناختی کارڈز منسوخ کر دئیے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کے ’’ب ‘‘فارم بھی نہیں بن رہے۔

درخواست گزار نے تعلیمی اسناد سمیت دیگر دستاویزی ثبوت بھی عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ایک بھائی سرکاری ملازم بھی ہے۔ سماعت کے دوران نادرا کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ سکیورٹی اداروں کے مطابق خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے اور ان کی رپورٹس پر ہی شناختی کارڈز منسوخ کیے گئے ہیں ۔ فاضل عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔