سواں گارڈن ہائوسنگ سوسائٹی میں مبینہ 44 کروڑ 60 لاکھ روپے کی کرپشن

ایف آئی اے نے کرپشن اور فراڈ کا مقدمہ سوسائٹی انتظامیہ کیخلاف درج کرلیا ،عنصر محمود گوندل، یاسر عرفات مہدی اور ارشد محمود بٹ مرکزی ملزم قرار سواں گارڈن کے بلاک ایچ منصوبہ میں زمین کی ملکیت نہ ہونے کے باعث رہائشی اور کمرشل پلاٹ فروخت کئے گئے، ملزمان پر الزام سول کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی سواں گارڈن کے صدر عنصر محمود گوندل نے ذاتی مفادات کے لیے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور سوسائٹی اور عوام کے شدید مالی نقصانات سے دو چار کیا، ایف آئی اے

منگل 2 مئی 2017 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء) ایف آئی اے نے سواں گارڈن ہائوسنگ سوسائٹی میں مبینہ 44 کروڑ 60 لاکھ روپے کی کرپشن، فراڈ کا مقدمہ سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف درج کرلیا ہے۔ مقدمہ میں عنصر محمود گوندل، یاسر عرفات مہدی اور ارشد محمود بٹ کو مرکزی ملزم قرار دیاہے جبکہ کرپشن سے فائدہ اٹھانے والے دیگر ملزمان کا بھی تعین کیا جارہا ہے ملزمان پر الزام ہے کہ سواں گارڈن کے بلاک ایچ منصوبہ میں زمین کی ملکیت نہ ہونے کے باعث رہائشی اور کمرشل پلاٹ فروخت کئے گئے ۔

ایف آئی اے نے قرار دیا ہے کہ سول کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی سواں گارڈن کے صدر عنصر محمود گوندل نے ذاتی مفادات کے لیے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور سوسائٹی اور عوام کے شدید مالی نقصانات سے دو چار کیا۔

(جاری ہے)

مقدمہ کے مندرجات کے مطابق تحقیقات میں یہ حقائق سامنے آئے ہیں کہ سوسائٹی انتظامیہ نے زمین حاصل کئے بغیر بلاک ایچ کے رہائشی اور کمرشل پلاٹ کے الاٹمنٹ بدیانتی کی بنیاد پر جاری کردیئے اور انتظامیہ نے سوسائٹی کے پلاٹ ایچ کے 121 کنال 11 مرلے زمین بھی سوسائٹی کے نام منتقل کرائے بغیر پلاٹ کی الاٹمنٹ کرتے رہے ۔

تحقیقات میں مزید حقائق سامنے آئے ہیں کہ سی ڈی اے نے سواں گاردن بلاک ایچ کا نہ تو کوئی این او سی جاری کیا ہے کیونکہ سوسائٹی کے پاس مطلوبہ زمین کی ملکیت ہی نہیں تھی اور زمین کی ملکیت نہ ہونے کے باعث سی ڈی اے نے بلاک ایچ پراجیکٹ کا کوئی نقشہ نہیں منظور کیا ہے سوسائٹی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 44 کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کا فراڈ کر رکھا ہے ایف آئی اے نے سوسائٹی انتظامیہ کیخلاف مجرمانہ ایکٹ کی زیر دفعہ 109 ، 409 ، 420 ، 468 ، 471 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر رکھاہے اس مقدمہ میں عنصر محمود گوندل ، صدر سوسائٹی انتظامیہ ، یاسر عرفات مہدی ، جنرل سیکرٹری ارشد محمود بٹک کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس بھاری کرپشن سے فائدہ اٹھانے والے دیگر افراد کا تعین بھی کیا جارہا ہے۔

(عابد شاہ/رانا مشتاق)

متعلقہ عنوان :