خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین بارے ریمارکس

پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی کے وزیر شاہ فرمان کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار پی ٹی آئی کے ممبران عمران خان جیسی زبان بول رہے ہیں جو خود پی ٹی آئی کی خواتین کے لئے سوچنے کا مقام ہے، سینیٹر روبینہ خالد

منگل 2 مئی 2017 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے پی ٹی آئی کے وزیر شاہ فرمان کی طرف سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کے بارے ریمارکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ممبران عمران خان جیسی زبان بول رہے ہیں جو خود پی ٹی آئی کی خواتین کے لئے سوچنے کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ فرمان کے کلمات پی ٹی آئی کی سیاسی تربیت کا پتہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں نواز شریف نے بھی خواتین کے بارے توہین آمیز کلمات کہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیری مزاری کے بارے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے غلیظ زبان استعمال کی تو پاکستان پیپلزپارٹی نے سخت احتجاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ شاہ فرمان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے ورنہ یہ سمجھا جائے گا کہ پی ٹی آئی کی خواتین کے بارے میں کیا سوچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جو خواتین کا مکمل احترام کرتی ہے۔ اگر کسی پارٹی کے کسی وزیر نے غلطی کرکے کسی مخالف پارٹی کی خاتون کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کئے تو پارٹی قیادت نے اس وزیر کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت نے اپنے وزیر کی بدزبانی پر معافی نہیں مانگی تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک