پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ہنگری کے سفیر استریان زیبوکی اپنے سفارتی مشن کے ہمراہ ملاقات

باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا نیز صوبے میں گڈ گورننس، امن و امان اور صنعتی و معاشی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول کے قیام سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات بارے گفتگو ہنگری نے پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں میں200 سکالر شپس کا انتظام کیا ہے، ہنگری کے سفیر استریان زیبو

منگل 2 مئی 2017 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مئی ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ہنگری کے سفیر استریان زیبو (Istrian Szabo)نے اپنے سفارتی مشن کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی اور اُن سے باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا نیز صوبے میں گڈ گورننس، امن و امان اور صنعتی و معاشی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول کے قیام سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے صوبے میں اپنے ملک کی طرف سے پہلے سے جاری سرمایہ کاری میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ہنگر ی کے سفیر کے ہمراہ دورے پر آئے مشن میں ان کی اہلیہ امیلا زیبو، تجارتی قونصلرڈاکٹر استریان بلوغ، سیکورٹی ایڈوائزر بالاز بلوغ، ٹریڈ آفیسر کٹالین کلر، معاشی مشیر سینڈز مہلکو اور انکی اہلیہ میگ یولینا شامل تھے جبکہ دیگر حکام کے علاوہ ہنگری کے اعزازی قونصلر جنرل اور ازمک و سی پیک کے چیئرمین غلام دستگیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہنگری کی جانب سے خیبرپختونخوا میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے جاری تعاون کو سراہتے ہوئے ہنگر ی کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی مول کی طرف سے آئل اور گیس کی دریافت میں تعاون کا بطور خاص حوالہ دیا انہوں نے سیاحت، زراعت، توانائی ، کار مینو فیکچرنگ اور سمال و میڈیم انٹر پرائز سمیت مختلف شعبوں میں ہنگری سے عنقریب سرمایہ کاروں کی آمد اور مزید سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہنگر ی کی حکومت سے پشاورمیں بس رپیڈٹرانزٹ کی جلد اور معیاری تکمیل یقینی بنانے میں بھی صوبائی حکومت سے تعاون کا کہا جس کا ہنگری کے سفیر نے سنجیدگی سے جائزہ لینے کا یقین دلایا انہوںنے بتایا کہ ہنگری نے پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں میں200 سکالر شپس کا انتظام کیا ہے جس میں خیبرپختونخوا کیلئے بھی آبادی کے تناسب سے کوٹہ رکھا گیا ہے۔

اُنہوںنے مزید بتایا کہ ہنگری کے سفارکاروں نے چترال، ہزارہ اور سوات سمیت صوبے کے مختلف سیاحتی و ثقافتی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا ہے اور ان پر فضا علاقوں کی تصاویر ، ویڈیوز اور معلوما ت کو اپنے مختلف ذرائع سے دُنیا بھر میں اُجاگر کیا ہے اسی طرح اُنہوںنے حالیہ دورے میں اپنے اعزازی قونصلر جنرل کے ہمراہ قلعہ بالا حصار میں پرتکلف ضیافت میں شرکت کی جبکہ اگلے مرحلے میں وہ اپنے مشن کے ہمراہ تاریخی قصہ خوانی بازار، چوک یادگار اور تحصیل گور گٹھڑی کی سیر کو جارہے ہیں جنہیں اپنے سفارتخانے اور ویب و سوشل میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر دکھائیں گے تاکہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج ہنگری سمیت پوری دُنیا کے سرمایہ کاروں اور عام لوگوں پر ظاہر کیا جا سکے۔