چارسدہ سے رکن صوبائی اسمبلی فضل شکور خان کا خاندان اور سینکڑوںساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

منگل 23 جنوری 2018 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 23 جنوری 2018ء)چارسدہ سے رکن صوبائی اسمبلی فضل شکور خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوںساتھیوں سمیت منگل کی شام پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیاجبکہ معروف سیاستدان اور ہاتھیان مردان سے سابقہ رکن قومی اسمبلی سرفراز خان نے بھی اس موقع پر اپنے پورے خاندان اور سینکڑوںسپورٹرز سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اعلانات چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک ، ایم پی ایز عارف احمد زئی ، سلطان محمود خان ، زرگل خان اور پی ٹی آئی رہنما فضل محمود خان کے ساتھ ساتھ سینکڑوں کارکنوں اور سپورٹرز کے سامنے کئے گئے۔پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والی دونوں شخصیات نے عمران خان اور پرویز خٹک کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں خاص کر جن پر خیبر پختونخوا میں عمل کیا گیا کو سراہا۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے تمام حامیوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔