چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا عظیم الشان منصوبہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے، اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیا سمیت پورے خطے میں علاقائی روابط کو فروغ ملے گا، اس منصوبے کو پورے خطے کے لئے ایک گیم چینجر تصور کرتے ہیں، فری زون کے بغیر کوئی بھی بندرگاہ کارآمد ثابت نہیں ہو سکتی، گوادر پورٹ اور فری زون کی تعمیر سے بلوچستان کے ساتھ ساتھ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی منصوبوں کو سیاسی تبدیلیوں کے عمل سے الگ کر دیا ہے، جولائی میں عام انتخابات ہوں گے، یقین ہے کہ آنے والی حکومتیں بھی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دو روزہ بین الاقوامی گوادر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 29 جنوری 2018 14:33

گوادر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 29 جنوری 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا عظیم الشان منصوبہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے، اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیا سمیت پورے خطے میں علاقائی روابط کو فروغ ملے گا، اس منصوبے کو پورے خطے کے لئے ایک گیم چینجر تصور کرتے ہیں، فری زون کے بغیر کوئی بھی بندر گاہ کار آمد ثابت نہیں ہوسکتی، گوادر پورٹ اور فری زون کی تعمیرسے بلوچستان کے ساتھ ساتھ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی منصوبوںکو سیاسی تبدیلیوں کے عمل سے الگ کردیا ہے، جولائی میں عام انتخابات ہوں گے، یقین ہے کہ آنے والی حکومتیں بھی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں دو روزہ بین الاقوامی گوادر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بین الاقوامی نمائش میں غیرملکی شخصیات، غیر ملکی سفیر اور دنیا بھر سے تاجر نمائندے شریک ہیں۔اس موقع پر گوادر فری زون کے پہلے حصے کا افتتاح بھی ہو رہا ہے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے گیٹ وے پر قائم کیا گیا ہے۔ فری زون سے وسطی ایشیا سمیت دنیا کے مختلف حصوں تک تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔

ایکسپو 2018ء کا مقصد گوادر بندرگاہ اور گوادر فری زون کو ابھرتے ہوئے تجارتی مرکز کے طور پر اجاگر کرنا اور گوادر کے منصوبوں سے پیدا ہونے والے مواقع سے متعلق آگاہی پیداکرنا بھی ہے۔ یہ نمائش سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مقامی اور غیرملکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور سرکاری حکام کو ملاقات کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس سے اس بڑے منصوبے کے ثمرات سے استفادہ کیا جاسکے گا۔

نمائش کا اہتمام گوادر کے ترقیاتی ادارے اور چین کی بیرون ملک بندرگاہوں سے متعلق امور کی انتظامی کمپنی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گوادر میں پہلی دو روزہ بین الاقوامی نمائش اور فری زون کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ آج چین کے صدر شی جن پنگ اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کا دن ہے ۔

پاکستانی اور چینی قیادت کا وژن آج ایک حقیقت بن چکا ہے ۔ ہمارے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ سی پیک چینی قیادت کے "ایک خطہ ایک شاہراہ" کا سب سے بڑا عملی منصوبہ ہے جو حقیقت کا روپ دھار چکا ہے ، یہ صدر شی جن پنگ کا موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک اہم تحفہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چند روز قبل ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر مشترکہ مستقبل اور چیلنجز کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی تھی جس میں علاقائی رابطوں کو مربوط بنانے پر زور دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ گوادر پورٹ، گوادر فری زون، ایکسپریس ویز، موٹر ویز اور ریلوے کی ترقی کے منصوبے گوادر، خنجراب اور پشاور کو کراچی سے ملائیں گے۔ یہ نہ صرف ہمارے خوشحال اور پائیدار مستقبل کے منصوبے ہیں بلکہ یہ ہمیں پائیدار توانائی کا مستقبل بھی دیں گے۔ ان منصوبوں سے پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی اور عوام خوشحال ہونگے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہدری مالیاتی موزونیت اور ماحولیاتی پائیداریت کے اصولوں پر مبنی ہے۔

مجھے امید ہے کہا کہ انہی اصولوں پر عمل کر کے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ضروریات پوری ہوں گی۔ دور جدید میں مواصلاتی رابطوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ون بیلٹ ون روڈ اقدام سے نہ صرف پاکستان میں رابطوں کوفروغ ملے گا بلکہ یہ وسطی ایشیا، افغانستان اور مغربی چین تک بھی رسائی فراہم کرے گی۔

یہ شاہراہوں اور رابطوں کا ایک مربوط نیٹ ورک ہے اور اس لئے ہم اسے ایک گیم چینجر تصور کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے فری زون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ فری زون کے بغیر کوئی بھی بندر گاہ کار آمد ثابت نہیں ہوسکتی ۔ گوادر کی استعداد کے حوالے سے کئی عشروں سے کام ہو رہا تھا اور ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ یہ استعداد اب ایک حقیقت کا روپ دھار رہی ہے۔

وزیر اعظم نے گوادر پورٹ اور فری زون کی تعمیر میں چینی حکومت ، چینی کمپنیوں، گوادر پورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی منصوبوںکو سیاسی تبدیلیوں کے عمل سے الگ کردیا ہے۔ جولائی میں نئے انتخابات ہوں گے اور جو بھی حکومت آئے گی یہ پالیسیاں تبدیل نہیں ہوں گی۔

وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نے اس منصوبے کو جو اہمیت دی ہے آنے والی حکومتیں بھی یہ تسلسل بھی برقرار رکھیں گی۔ انہوں نے سی پیک اور گوادر کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے پر چینی سفیر اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہاکہ پاکستان اور چین کی کوششوں سے یہ منصوبہ مکمل ہو گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ جن مسائل کا ذکر کیا گیا ہے ان کے حل کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان کا مستقبل بلوچستان کی سیاسی قیادت کے ہاتھ میں ہے، بلوچستان کی قیادت کو درپیش چیلنجزکا حل خود نکالنا ہوگا، وفاقی حکومت اس ضمن میں معاونت فراہم کرے گی۔ گوادر ساحلی پٹی دنیا کی خوبصورت ترین ساحلی پٹی ہے اسے بچانے اورترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت منصوبہ بنائے اس میں وفاقی حکومت صوبے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ گوادر کو ایک ماڈل شہر ہونا چاہیے۔ اس شہر کو جدید شہر بنانے میں رکاوٹیں توپیش آئیں گی لیکن اس ضمن میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلوچستان حکومت کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ وفاقی حکومت اس سلسلے میں بھر پورتعاون پیش کرے گی لیکن صوبے کی حکومت اور قیادت کو اس کی ذمہ داری لینا ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے تین ماہ قبل یکساں شراکت داری پر مبنی پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے لئے جلد فنڈز کی فراہمی بھی شروع ہو گی۔

اس پیکج کے تحت تمام اضلاع میں تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کا ایک اور پیکج بھی دیا جائے گا جس میں نصف فنڈنگ وفاقی اور نصف صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ ان پیکجز سے صوبے میں پائیدار ترقی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ تقریب سے وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر میری ٹائم افیئر ز میر حاصل خان بزنجواور چینی سفیر یائوجنگ نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، بندرگاہوں و جہاز رانی کے وفاقی وزیر جعفر اقبال، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، غیر ملکی شخصیات ، سفارتکاروں اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نمائندہ کاروباری شخصیات اور اعلیٰ سول وعسکری شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے بٹن دبا کر بین الاقوامی گوادر ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔