عمران خان کی جانب سے زمان پارک کا گھر بشریٰ بی بی کے کہنے پر گرائے جانے کا انکشاف

تحریک انصاف کے سربراہ کی اہلیہ زمان پارک کے پرانے گھر کو وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کے راستے میں رکاوٹ سمجھتی تھیں

جمعرات 28 جون 2018 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء) عمران خان کی جانب سے زمان پارک کا گھر بشریٰ بی بی کے کہنے پر گرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور کے علاقے زمان پارک میں موجود اپنے والد کی جانب سے تعمیر کردہ رہائش گاہ کو گروا کر وہاں ایک نیا گھر تعمیر کروا لیا ہے۔

نئے گھر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد 2 روز قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ زمان پارک پہنچے تھے۔ اس دوران عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ جیسے ہی وہاں پہنچے تو وہاں موجود لوگوں نے دیکھا کہ بشریٰ بی بی نئے تعمیر ہونے والے اس گھر میں خاص طور پر پہلے داخل ہوئیں اور عمران خان بعد میں داخل ہوئے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود لوگوں کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے آگے تھے، تاہم انہوں نے خود رک کر اہلیہ کو جگہ دی اور وہ ان کے پاس سے گزرتے ہوئے پہلے گھر میں داخل ہوئیں۔

اس معاملے کو لے کر سوشل میڈیا پر کافی بحث کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے پہلے گھر میں داخل ہونا شاید کوئی وظیفہ ہو سکتا ہے، یا محض ایک اتفاق بھی۔ اس بحث کے دوران ایک نیا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی جانب سے زمان پارک کا گھر بشریٰ بی بی کے کہنے پر گرایا گیا ہے۔

زمان پارک کا گھر عمران خان کے والد کی جانب سے تعمیر کروایا گیا تھا، تاہم تحریک انصاف کے سربراہ کی اہلیہ زمان پارک کے پرانے گھر کو اپنے شوہر کے وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کے راستے میں رکاوٹ سمجھتی تھیں۔ اسی لیے بشریٰ بی بی کے مشورے پر ہی عمران خان نے زمان پارک کا گھر منہدم کروا کر ایک نیا گھر تعمیر کروایا ہے اور پھر اپنی اہلیہ کیساتھ اس نئے گھر کا دورہ بھی کیا ہے۔ جبکہ زمان پارک کا یہ نیا گھر تحریک انصاف کی انتخابی مہم کیلئے بھی استعمال ہوگا۔