ملا فضل اللہ کو امریکہ نے مارا، میٹس نے احسان جتلا دیا

اسلام آباد کے بڑے دہشت گردوں کے خاتمے میں واشنگٹن کا کلیدی کردارہے، پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا، جیمز میٹس

جمعرات 28 جون 2018 19:45

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء)امریکی سیکرٹری اسٹیٹ نے پاکستان کو احسان جتلاتے ہوئے کہا ہے کہ ملا فضل اللہ کو امریکہ نے مارا، اسلام آباد کے بڑے دہشت گردوں کے خاتمے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا ہے، پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے امریکی فورسز کی جانب سے کالعدم تحریک پاکستان طالبان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملافضل اللہ کی ہلاکت پر پاکستان کو احساس دلا دیا کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ختم کرنے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

پینٹاگون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ امریکی فورسز نے ہی ٹی ٹی پی کے سربراہ کو نیست و نابود کیا ہے۔خیال رہے کہ ایسا شاذونادر ہی ہوتاہے کہ اعلی حکام کی جانب سے دہشت گردوں کے خاتمے سے متعلق بیان سامنے آیا ہو۔مشاہدے میں آیا ہے کہ مخصوص ہدف کو نشانہ بنانے کے بعد امریکی حکام کی طرف سے تصدیق یا توثیق نہیں کی جاتی خاص طور پر جب ڈرون حملے کے ذریعے دہشت گردوں کی ہلاکت کا معاملہ ہو۔

واضح رہے کہ ٹی ٹی پی کے سربراہ فضل اللہ ڈرون حملے میں مارے گئے تھے، امریکا نے دہشت گردوں کے خلاف متعدد مرتبہ ڈرون حملے کیے لیکن اس سے متعلق امریکا کی جانب سے تصدیق یا تردید کا عمل ہمیشہ تاخیرکا باعث ہی رہا۔