نوازشریف کی پارٹی رہنمائوں چوہدری نثار کے مقابلے میں امیدوار کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کی ہدایت

قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے ،ْدھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے ،ْکبھی دانیال عزیز اور کبھی شاہد خاقان عباسی کو نا اہل قرار دیا جارہا ہے ،ْ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے ،ْ سابق وزیر اعظم کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 28 جون 2018 22:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد ،ْ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے پارٹی رہنمائوں کو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مقابل امیدوار قمر الاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے ،ْدھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے ،ْکبھی دانیال عزیز اور کبھی شاہد خاقان عباسی کو نا اہل قرار دیا جارہا ہے ،ْ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔

جمعرات کو سابق وزیر محمد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی ہارلے اسٹریٹ کلینک میں پہنچے انہوںنے بیگم کلثوم نوازکی تیمارداری کی اور کئی گھنٹے ہسپتال میں رہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں، پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ بنے ہیں ،ْنوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کو جو ہوگا وہ نوشتہ دیوار ہے، پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ قمرالاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کرچلیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی دانیال عزیز کو تو کبھی شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار دیا جاتا ہے، شاہد خاقان عباسی اور دانیال عزیز کی نااہلی پرافسوس ہوا۔نواز شریف نے کہا کہ نیب، ریٹرننگ افسران اور دیگر نے یہ کیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، بہت خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، الیکشن سے پہلے دھاندلی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے،دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے ۔مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ اس وقت ایسی ذہنی کیفیت ہے کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کر رہا ہوں، اس وقت میری ساری توجہ اپنی بیوی کی صحت پر ہے لیکن میں اپنے آپ کو قومی فرض سے بھی دورنہیں رکھ سکتا۔نوازشریف نے کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔