نیب نے حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی منظوری دیدی

ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں نہ ہی کسی پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،کرپشن کے خاتمے کیلئے کارروائی جاری رہے گی لوگ الیکشن مہم بھی چلائیں جب نیب بلائے تو پیش بھی ہوں‘چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی نیب لاہور بیورو کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 جون 2018 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء)چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

نیب لاہور آفس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں اور نہ ہی کسی پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔

قانون پر عملدرآمد ضروری ہے، جو نہیں کرے گا، اسے کرایا جائے گا۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں بلکہ تحقیقات کے لیے قانون کے مطابق بھجوائے جا رہے ہیں۔چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب الیکشن سے پہلے بھی کام کر رہا تھا اور یہ کارروائی الیکشن کے بعد بھی جاری رہے گی۔لوگ الیکشن مہم بھی چلائیں اور جب نیب بلائے تو پیش بھی ہوں۔