نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی بغاوت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر (کل )طلب

دونوں سابق وزرائے اعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں‘جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی

جمعرات 28 جون 2018 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزرائے اعظم محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر دونوں کو کلبروز ( جمعہ ) کو طلب کر لیا ۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی یہ درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

یہ درخواست سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو بنیاد بنا کر دائر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے متنازع انٹرویو دے کر ملک و قوم سے غداری کی، اس لیے ان کیخلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیرِاعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی۔ سابق وزرائے اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے۔فل بنچ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو 29جون کو طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ دونوں فریق پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔