سعودی حکومت کاعمرہ ویزہ کی معیاد سے زائد قیام پر سزائوں کا اعلان

سعودی عرب میں عمرہ ویزہ پر معیاد سے زائد قیام کرنے والوں کو 50 ہزار سعودی ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا دی جا سکے گی

جمعرات 28 جون 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء) سعودی حکومت نے عمرہ ویزہ کی معیاد سے زائد قیام پر سزائوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب میں عمرہ ویزہ پر معیاد سے زائد قیام کرنے والوں کو 50 ہزار سعودی ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا دی جا سکے گی اور متعلقہ ٹور آپریٹرز کالائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کارروائی بھی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل پاسپورٹ( ویزہ ) کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے ذریعے عمرہ زائرین سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں عمرہ زائرین اپنے ویزے کی معیاد سے زیادہ وقت گزارتے ہیں اور کام حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس صورتحال میں مملکت سعودی عربیہ اپنی معیاد سے زائد قیام کرنے والے عمرہ زائرین کو 50ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ 6 ماہ قید بھی ہوگی۔ 50ہزار سعودی ریال ادا نہ کرنے کی صورت میں قید کی سزا بڑھ سکتی ہے۔ عمرہ کے دوران غائب ہونے والوں کی ذمہ داری ٹور آپریٹرز پر ہوگی۔ عمرہ زائرین کی وقت مقررہ پر واپس نہ آنے کی صورت میں ٹور آپریٹرز کے لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سخت اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔