پی ٹی آئی کی ٹکٹوں سے محروم ناراض رہنمائوں اور کارکنوں کا عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج

مظاہرین نے عمران خان سے ملاقات کیلئے آنیوالے شاہ محمود قریشی اور عبد العلیم خان کی گاڑیوں کو روک لیا ملتان میں بھی کارکنوں کاشاہ محمود قریشی کے گھر کا محاصرہ /پانچ سالہ بچے کو شوکت خانم ہسپتال میں داخل نہ کرنے پر والدین کا عمران خان کے گھر کے باہر احتجاج

جمعرات 28 جون 2018 22:35

لاہور/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 28 جون 2018ء)تحریک انصاف کے رہنمائوں اور انکے حامیوں کی جانب سے انتخابات کیلئے ٹکٹیںنہ ملنے کیخلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ، لاہور،شاہدرہ، منڈی بہا ئوالدین، ننکانہ صاحب اور دیگر علاقوں کے ٹکٹوں سے محروم ناراض رہنمائوں اورکارکنوں نے لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر احتجاج کیا ،مظاہرین نے عمران خان سے ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور پنجاب کے صدر عبد العلیم خان کی گاڑیوں کو روک لیا، ملتان میں بھی کارکنوں نے شاہ محمود قریشی کے گھر کا محاصرہ اور دھرنا دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لاہور میں قیام کے دوسرے روز بھی مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ۔

(جاری ہے)

کارکنوں کے احتجاج کے باعث اطراف میں واقع رہائشیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا اور وہ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی زمان پارک پہنچے تو کارکنوں نے ان کی گاڑی کو روک لیا اور ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیمپر احتجاج کیا ۔

تحریک انصاف پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان بھی کارکنوں کے گھیرے میں آگئے۔ عبدالعلیم خان نے کارکنوں کے گلے شکوے سنے اور پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی۔ ملتان میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاہ محمود قریشی کے گھر کا محاصرہ کیا اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر بھی جلا ئے اور شاہ محمود کے خلاف نعرے بازی کی۔

علاوہ ازیں کینسر میں مبتلا بچے کے والدین شوکت خانم ہسپتال میں داخل نہ کئے جانے پر عمران خان کی لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے اور دھرنا دیا۔گوجرانوالہ کے رہائشی خاندان کا کہنا تھاکہ انکے پانچ سالہ بیٹے عباس کو شوکت خانم ہسپتال میں داخل نہیں کیا جارہا ۔ تحریک انصاف کے رہنما کہہ رہے تھے صاف پانی نہ ملنے پر بچے مر جاتے ہیں، ہمارا بچہ کینسر سے مر رہا ہے اسے شوکت خانم میں داخل کیوں نہیں کر رہی ، عمران خان سے مطالبہ ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں ۔