پولیس اورسپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے بعد 12مزدوروں کوبحفاظت بازیاب کروالیا

عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کچے کے علاقے میں پولیس ٹیموں کو ہر وقت ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ ڈاکوئوں اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے ‘آئی جی پنجاب سید کلیم امام

منگل 10 جولائی 2018 23:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 10 جولائی 2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایت پررحیم یار خان،راجن پور پولیس اورسپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں نے کچے کے علاقے میں خطرناک ڈاکوئوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد صادق آبادکی بستی ڈنگڑہ سے اغوا ء ہونے والے 12مزدوروں کوبحفاظت بازیاب کروالیا ۔

تفصیلات کے مطابق 04 اور 05 جولائی کی درمیانی شب اسلحہ سے لیس بدنام زمانہ اغواء کارکشتیوں کے ذریعے بستی ڈنگرہ موضع نظر محمد جھلن میںداخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر 10 افراد مسمیان غلام فرید ، نذیر احمد ، ناصر ، منور، شاہد، امین ، امیر بخش ، محمد نواز ، قیصر اور یوسف کو اغواء کر کے جزیرہ کچی لُنڈ لے گئے جبکہ اس سے دو روزقبل اغواء کاروں نے عبد الحکیم اور اس کے والد جان محمد بگٹی کو بھی اغواء کیا تھا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو مغویوں کی بازیابی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کرنے اور اغوا کار ڈاکوئوں کے خلاف کاروائی کا حکم دیا تھا ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ سپیشل آپریشنز یونٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں نے کچی لُنڈ کا محاصرہ کر لیا جو کے تین روز تک جاری رہا۔

اس آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مسلسل دو دن فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا لیکن پنجاب پولیس کے بہادر افسران و اہلکاوں نے مغویوں کی بازیابی تک کسی قیمت پر پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آپریشن جاری رکھا اور بالاخرتمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروالیا۔ اس کاروائی کے دوران پولیس ٹیموں کی جانب سے مسلسل دبائو اور تعاقب کے باعث ڈاکو اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہو نے پر مجبور ہو گئے جبکہ پولیس ٹیموں کی جانب سے ڈاکوئوں کا تعاقب تاحال جاری ہے ۔

آئی جی پنجاب نے مغویوں کو خطرناک ڈاکوئوں کے قبضے سے بازیاب کروانے کے لئے آپریشن میں حصہ لینے والی راجن پور اور رحیم یار خان اضلاع کی پولیس ٹیموں ، سپیشل آپریشنز یونٹ کے جوانوں اور دونوں اضلاع کے ڈی پی اوز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے ماضی میں بھی بہادری اور فرض شناسی کی لازوال تاریخ رقم کی ہے اورمستقبل میں بھی اسی طرح شہریوں کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے صوبے کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کچے کے علاقے میں پولیس ٹیموں کو ہر وقت ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ ڈاکوئوں اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ پولیس کا اولین فرض ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا لہذا صوبہ بھر میں جہاں بھی شر پسند عناصر اس طرح قانون شکنی کریں گے ، پنجاب پولیس ان کے خلاف تیز تر کاروائی کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور ایسے شر پسند اور سماج دشمن عناصر کی فوری سرکوبی کی جائے گی تاکہ شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہو ۔