بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم کوٹ لکھپت جیل سے پراسرار طور پر لاپتہ

ملزم کے والد کی لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں بیٹے کے لا پتہ ہونے کی درخواست دائر ․جسٹس صداقت علی خان نے صابر حسین کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ، آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری ، 16 جولائی کو جواب طلب

منگل 10 جولائی 2018 14:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 10 جولائی 2018ء) بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم رفاقت حسین کوٹ لکھپت جیل سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ،ملزم کے والد نے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں بیٹے کے لا پتہ ہونے کی درخواست دائر کر دی ،جسٹس صداقت علی خان نے رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر کرتے ہوئے آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کر کے 16 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بے نظیر قتل کیس کے مبینہ ملزم رفاقت حسین کے والد نے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کا بیٹا کوٹ لکھپت جیل سے لاپتہ ہوگیا ہے، عدالت نے ہمارے بیٹے کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری کردیا تھا لیکن وہ اب تک جیل میں نظر بند تھا، جیل انتظامیہ نے ہمیں بلایا اور کہا کہ ہم نے ملزم کو رہا کردیا ہے تاہم ہمیں بتایا نہیں جارہا کہ ہمارا بیٹا کہاں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے ملزم رفاقت حسین کو رہا کر دیا تھا اور سی ٹی ڈی کے اہلکار اسے دوبارہ گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے۔