بحرین نے پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی ختم کردی

پاکستانیوں کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت بھی دینے کا اعلان، پابندی ختم کروانے میں تحریک انصاف کی حکومت اور بحرین میں پاکستانی سفارت خانے نے بھرپور کردار ادا کیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 فروری 2019 23:59

بحرین نے پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی ختم کردی
منامہ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2019ء) بحرین نے پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی ختم کردی، پاکستانی شہریوں کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت بھی دینے کا اعلان، پابندی ختم کروانے میں تحریک انصاف کی حکومت اور بحرین میں پاکستانی سفارت خانے نے بھرپور کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ایک اور زبردست سفارتی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے بعد اب ایک اور خلیجی ملک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو ایک نئی اور تاریخی سطح پر لے جانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ بحرین کی حکومت نے پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے اجراء پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی ہے۔

(جاری ہے)

بحرین کی حکومت نے کئی ماہ قبل پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کردی تھی۔

بحرین کی حکومت نے یہ اقدام اس انکشاف کے بعد اٹھایا تھا جس کے مطابق پاکستان کے سفارت خانےکی ملی بھگت سے کئی افغان شہریوں کو پاکستانی شہری بنا کر بحرین کے ویزے جاری کیے گئے تھے۔ تاہم تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وزارت خارجہ نے اس مسئلے کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا اور ذمہ داران کیخلاف کاروائی بھی کی گئی۔ یوں بحرین کی حکومت پاکستانی حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہوئی اور اب پاکستانیوں کیلئے ویزوں کے اجراء پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے۔

بحرین کی حکومت نے ناصرف پابندی ختم کی ہے، بلکہ پاکستانی شہریوں کیلئے بحرین کے ویزے کے حصول کا عمل بھی نہایت آسان کر دیا ہے۔ بحرین نے خلیجی ممالک میں آباد پاکستانیوں کیلئے ویزہ آن آرائیول، جبکہ پاکستان سے جانے والے شہریوں کیلئے ای ویزہ کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ بحرین کے اس اقدام کے باعث پاکستانی شہری اب سیاحت اور روزگار کے حصول کیلئے بحرین جا سکیں گے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں