یو اے ای کے بعد بحرین نے بھی ملک میں ہندو مندر بنانے کا اعلان کردیا

مملکت بحرین خلیجی خطے میں مندر تعمیر کرنے والا دوسرا ملک بن جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 فروری 2022 14:13

یو اے ای کے بعد بحرین نے بھی ملک میں ہندو مندر بنانے کا اعلان کردیا
منامہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 03 فروری 2022ء ) بحرین نے ملک میں ہندو مندر بنانے کا اعلان کردیا ‘ خلیجی ملک مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں سوامی نارائن سنستھا ایک روایتی ہندو مندر تعمیر کرے گی ۔ خلیجی میڈیا کے مطابق بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اس پیشرفت کا انکشاف مملکت بحرین کے ولی عہد ، ڈپٹی سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے بات کرنے کے بعد کیا ، اس حوالے سے بھارتی وزیراعطم نے بتایا کہ ولی عہد اور بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کے ساتھ پرتپاک بات چیت ہوئی ، سوامی نارائن مندر کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کے حالیہ فیصلے سمیت ہندوستانی برادری کی ضروریات پر مملکت کی توجہ کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں مذہبی رہنما برہما ویہاری سوامی، جو ابوظہبی میں بی اے پی ایس ہندو مندر کے تعمیراتی کام کی نگرانی کر رہے ہیں ، گزشتہ چند سالوں میں کئی بار بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور شہزادہ سلمان سے ملاقات کر چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیئرمین بی اے پی ایس ہندو مندر ابوظہبی اشوک کوٹیچا نے کہا کہ بی اے پی ایس سوامی نارائن ہندو مندر کے لیے زمین دینے کے تاریخی فیصلے کے لیے ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ، ہم بحرین میں ہم آہنگی، امن اور خدمت کی جگہ بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں ، یہاں تعمیر ہونے والے کمپلیکس میں وزیٹر سینٹر، عبادت کیلئے ہال ، لائبریری ، کلاس روم ، کمیونٹی سینٹر، مجلس، ایمفی تھیٹر، پلے ایریاز، باغات، کتابوں اور گفٹ شاپس، فوڈ کورٹ اور دیگر سہولیات ہوں گی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بحرین میں خلیج عرب کا سب سے بڑا رومن کیتھولک چرچ بھی کھل چکا ہے ، لیڈی آف عربیہ کیتھیڈرل میں کم از کم 2,300 افراد بیٹھ سکتے ہیں ، جو دارالحکومت منامہ سے تقریباً 20 کلومیٹر جنوب میں ایک صحرائی قصبے میں واقع ہے ، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے 8 سال قبل 9000 مربع میٹر زمین دی تھی اور ان کے نمائندے شیخ عبداللہ بن حمد آل خلیفہ نے چرچ کا افتتاح کیا ، لیڈی آف عربیہ ، جس کا نام شمالی عرب کے ویکیریٹ کی سرپرستی کے نام پر رکھا گیا۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں