کویتی کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت

حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں۔ نگران وزیراعظم کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 اگست 2023 11:39

کویتی کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اگست 2023ء ) نگراں وزیراعظم نے کویت کی کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ایمرجنگ مارکیٹس انرٹیک ہولڈنگ کویت کے سربراہ یاسر ملک نے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں انرٹیک (enertech) کی سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں نگران وزیراعظم نے پاکستان میں انرٹیک کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث یہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرے گا۔ 

بتایا جاتا ہے کہ کویت اور پاکستان کی مسلح افواج نے کویتی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں، اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسعت دینا ہے، مشترکہ منصوبوں کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل فواز الحربی نے دستخط کی تقریب کے دوران کویتی فوج کی نمائندگی کی، پاکستان کی جانب سے کویت میں اسلام آباد کے سفیر ملک محمد فاروق نے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

کویت کی وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ کویت اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی جاری کوششوں پر استوار ہے، اس حوالے سے ہونے والی دستخط کی تقریب میں میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے پاکستانی فوجی وفد کے علاوہ کویتی فوج کے کئی معزز افسران اور کویتی وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے فوجی میدان میں باہمی تعاون اور اشتراک کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کویت میں پاکستانی طبی عملے کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی، سرکاری شعبے کے لیے مزید پاکستانی ہیلتھ ورکرز جلد پہنچیں گے، کویت میں پاکستان کے سفیر ملک فاروق نے کہا ہے کہ اس وقت تقریباً 3 ہزار پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسیں کویت میں کام کر رہی ہیں اور جلد ہی ملک میں مزید طلبی عملے کی آمد متوقع ہے، ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین کی نئی کھیپ چند ہفتوں میں ملک میں سرکاری صحت کے شعبے میں کام کرنے کے لیے پہنچ جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر نے ایک تقریب میں کویت کی وزارت صحت کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر مصطفیٰ ریڈا کے ہمراہ صحت تعاون کے معاہدے میں توسیع پر دستخط کیے، جہاں انہوں نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے طبی ماہرین کو کویت کی وزارت صحت کی درخواست پر بھرتی کیا گیا ہے، معاہدے میں توسیع پاکستان اور کویت کے درمیان صحت کی دیکھ بھال میں تعاون میں ایک اہم قدم ہے، یہ توسیع وزارت صحت کی ضروریات کے مطابق مستقل بنیادوں پر مزید پاکستانی ہیلتھ کیئر ماہرین کو ملازمت دے کر دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کو ادارہ جاتی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں