خلیجی ریاست عمان نے متعدد ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا دی

عمانی حکومت کے مطابق برازیل، جنوبی افریقہ، لبنان اور تنزانیہ سمیت کئی ممالک کے مسافروں پر 15 روز کی پابندی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 فروری 2021 12:12

خلیجی ریاست عمان نے متعدد ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا دی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 فروری2021ء) دُنیا بھر کی طرح خلیجی ریاست عمان کو بھی کورونا وبا کا سامنا ہے۔ مملکت میں کورونا کیسز بڑھنے اور کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے باعث گزشتہ ماہ بھی سفری پابندیاں عائد کر دی گئی تھی۔ اب عمانی حکومت نے کئی ممالک کے باشندوں کے عمان میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے جو پندرہ روز کے لیے ہو گی۔

العربیہ نیوز کے مطابقخلیجی سلطنت عْمان نے کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر سوڈان اور لبنان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کا داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔عْمانی حکومت نے جن ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عاید کی ہے، ان میں سوڈان ، لبنان ، برازیل ، جنوبی افریقا ، نائجیریا،تنزانیہ ، گھانا ، ایتھوپیا ، گنی اور سیرالیون شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عْمان نیوز ایجنسی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق: ”اگرکسی اور ملک سے تعلق رکھنے والے مسافر نے گذشتہ 14 روز کے دوران میں مذکورہ دس ممالک میں سے کسی ایک کا سفر کیا ہے تواس کو بھی سلطنت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا جمعرات 25 فروری رات 12 بجے سے 15 روز تک داخلہ معطل رہے گا۔حکام کے مطابق مذکورہ ممالک کا سفر کرنے والے عْمانی شہری ، سفارت کار ، طبی کارکنان اور ان کے خاندان سلطنت میں داخلے کی اس پابندی سے مستثنا ہوں گے۔

وہ عْمان میں تو داخل ہوسکیں گے،البتہ انھیں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل تمام پابندیوں اور ضوابط کی پاسداری کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ عمان کی جانب سے غیر قانونی تارکین کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جن میں پاکستانی، بھارتی اور دیگر ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں۔

ایک تازہ ترین کارروائی کے نتیجے میں عمانی پولیس نے ایک درجن سے زائد پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے جو عمان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ ان افراد کو گرفتار کرنے کے بعد پاکستان واپس بھجوا دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسقط سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پرواز کے ذریعے 14 غیر قانونی تارکین وطن کو ملتان پہنچا دیا گیا۔ان غیر قانونی تارکین کو ملتان میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 172 کے ذریعہ مسقط سے 14 غیر قانونی تارکین وطن کو ملتان ائیر پورٹ پہنچا یا گیا۔ڈی پورٹ کیے گئے تمام افراد کو پی آئی اے کے عملے نے ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے اہلکاروں کو حوالے کر دیا گیا تھا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں