عمان میں طوفانی بارشیں‘ سینکڑوں گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں

سیلاب میں گاڑیوں کے بہنے سے ایک شخص ہلاک، 6 کو زندہ بچا لیا گیا، 2 لاپتہ ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 27 اپریل 2023 15:43

عمان میں طوفانی بارشیں‘ سینکڑوں گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 اپریل 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان میں طوفانی بارشوں کے باعث سینکڑوں گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں، سیلاب میں گاڑیوں کے بہنے سے ایک شخص ہلاک، 6 کو زندہ بچا لیا گیا، 2 لاپتہ ہوگئے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ ہفتہ تک جاری رہے گا۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، چھ کو بچا لیا گیا ہے اور دو ابھی تک لاپتہ ہیں جب کہ جنوبی الشرقیہ گورنری میں جالان بنی بو علی کے ولایت وادی البطہ میں تین گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں، سول ڈیفنس اور ایمبولینس اتھارٹی (سی ڈی اے اے) نے امدادی ٹیمیں علاقے میں روانہ کر دیں، سی ڈی اے اے نے جنوبی الشرقیہ گورنریٹ پولیس کمانڈ اور شہریوں کے تعاون سے وادی البطہ میں ایک خاتون شہری کی لاش برآمد کی جب کہ دو لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تلاشی لے رہی ہیں، سی ڈی اے اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہیں، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں سیلاب کا خطرہ ہے، اور حکام کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عمان کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے اور عمان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا، سب سے زیادہ بارش الشرقیہ شمالی و جنوبی اور الدخیلیہ میں متوقع ہے، موسم کی پیشن گوئی کرنے والے نے موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرنے والی ہواؤں کی بھی پیش گوئی کی ہے، جس سے سڑکوں پر چٹانیں گر سکتی ہیں، جالان بنی بو حسن کی کئی سڑکیں پانی سے بہہ جانے کی وجہ سے پہلے ہی منقطع ہو چکی ہیں اور حکام نے لوگوں کو سفر کے دوران اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں