عمان سے پاکستان کیلئے مزید براہِ راست پروازوں کی راہ ہموار ہوگئی

عمانی ایوی ایشن ٹیم نے اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 جولائی 2023 16:28

عمان سے پاکستان کیلئے مزید براہِ راست پروازوں کی راہ ہموار ہوگئی
مسقط / اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2023ء ) عمان نے پاکستانی ایئرپورٹس کے انتظامات پراطمینان کا اظہار کردیا۔ عرب نیوز کے مطابق پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) نے کہا ے کہ عمان کی ایوی ایشن رسک اسیسمنٹ ٹیم نے پاکستان اور عمان کے درمیان براہ راست پروازوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد اور لاہور شہروں میں پاکستانی ہوائی اڈوں کا چار روزہ معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بتایا گیا ہے کہ عمان کی سول ایوی ایشن باڈی کے چیف آف رسک اسیسمنٹ ایوب الفری کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم 17 جولائی کو لاہور پہنچی، جہاں انہوں نے پاکستانی حکام کی جانب سے شہر کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں اور کارگو سے متعلق کیے گئے مختلف حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بعد ازاں ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دو روزہ سکیورٹی معائنہ کیا، دورہ مکمل ہونے پر پی سی اے اے نے ایک بیان میں کہا کہ سلطنت آف عمان کے سول ایوی ایشن رسک اسسمنٹ وفد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دو روزہ سکیورٹی معائنہ مکمل کر لیا ہے، عمانی وفد نے جدید ترین سیکیورٹی میکنزم پر اطمینان کا اظہار کیا اور مسافروں اور طیاروں کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کے ساتھ موثر اور منظم آپریشنز پر اسلام آباد ایئرپورٹ اتھارٹی کی تعریف کی۔

پی سی اے اے کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم نے ہوائی اڈے پر پاکستانی سروس فراہم کنندگان کی جانب سے لگائے گئے حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا، جن میں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF)، مختلف ایئر لائنز اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیاں شامل ہیں۔ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئرپورٹ سیکیورٹی وفود کے دورے مختلف ممالک کے درمیان بین الاقوامی ہوا بازی تعاون کا حصہ ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ ماہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) کی ایک آٹھ رکنی ٹیم نے پاکستانی شہروں کراچی، ملتان، سیالکوٹ اور لاہور کے ہوائی اڈوں کا سیکیورٹی معائنہ مکمل کیا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں