قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا

خلیجی ملک میں 96 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 4 ہزار سے کچھ زائد رہ گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 جولائی 2020 20:14

قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا، 96 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 4 ہزار رہ گئی، اب تک کل 146 اموات ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست قطر میں کورونا مریضوں کی گنتی ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ مملکت میں گزشتہ روز مزید 498افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

قطری وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی1 لاکھ 3 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ، جن میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جبکہ مزید 701 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے، یوں اب تک مجموعی طور پر98،934 افراد کورونا کو شکست دے کر شفایاب ہو چکے ہیں۔ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج افراد کی گنتی 4 ہزار سے کچھ زائد ہے۔

(جاری ہے)

مملکت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 146 تک جا پہنچی ہے ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملک میں کورونا کا ایک بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ مجموعی طور پر اب تک 4لاکھ 9ہزار سے زائد افراد کی کورونا سکریننگ ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کے خدشے کے پیش نظر قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک مقامی اور تارکین وطن کے مجموعی طور پر4 لاکھ سے زائد ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔ اٹھائے گئے سخت اقدامات کے باعث مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ واضح رہے کی خلیجی ممالک میں اس وقت سعودی عرب سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔
                                           

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں