قطر نے کورونا ٹریول سیفٹی لسٹ اپ ڈیٹ کردی

نئی اپ ڈیٹس میں 181 ممالک کو گرین لسٹ کیا گیا ہے ، جن میں پڑوسی عرب ریاستیں اردن اور لبنان بھی شامل ہیں ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ دیگر تمام خلیجی ممالک بحرین، کویت، عمان اور سعودی عرب نے بھی گرین لسٹ میں جگہ بنالی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 نومبر 2021 16:12

قطر نے کورونا ٹریول سیفٹی لسٹ اپ ڈیٹ کردی
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 نومبر 2021ء )  خلیجی ملک قطر نے عالمی وباء کورونا کے باعث سفری پابندیوں کے حوالے سے بنائی گئی ٹریول سیفٹی لسٹ اپ ڈیٹ کردی ۔ الجزیرہ کے مطابق قطر کی وزارت صحت نے ان ممالک کی ٹریول لسٹوں کی نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا جو ان کے کورونا سے متعلق حفاظتی معیارات پر مبنی ہے ، نئی اپ ڈیٹس میں 181 ممالک کو گرین لسٹ کیا گیا ہے ، جن میں پڑوسی عرب ریاستیں اردن اور لبنان بھی شامل ہیں ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ دیگر تمام خلیجی ممالک بحرین، کویت، عمان اور سعودی عرب نے بھی گرین لسٹ میں جگہ بنائی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ اس وقت قطر کی ریڈ لسٹ میں صرف 21 ممالک شامل ہیں ، ایران اور ترکی کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے ریڈ لسٹ میں ہیں جہاں دیگر ممالک کے علاوہ برطانیہ ، جارجیا اور ایتھوپیا بھی ان میں شامل ہیں ، پچھلے مہینے وزارت صحت نے اپنے ٹریفک لائٹ کی درجہ بندی کے نظام کو اپ ڈیٹ کیا ، جس میں پیلی فہرست کو مکمل طور پر ختم کر دیا اور اس کی بجائے غیر معمولی سرخ ممالک کی فہرست متعارف کرائی ، 'غیر معمولی ریڈ لسٹ' کے تحت آنے والے ممالک میں ہندوستان، فلپائن، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، سوڈان اور جنوبی سوڈان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ 'سرخ' فہرست میں شامل ممالک کے مسافروں کے برعکس 'غیر معمولی ریڈ لسٹ' کے تحت آنے والے ممالک سے قطر آنے والے مسافروں نے اگر ویکسین نہیں لگوائی تو ان کے خلیجی ریاست میں داخلے پر پابندی ہے ، ممالک کی اس فہرست سے آنے والے ویکسین شدہ افراد کو سات دن کے لیے ہوٹل میں قرنطینہ میں رہنا پڑے گا اور ان کی آمد سے 72 گھنٹے پہلے منفی PCR کا نتیجہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے قرنطینہ ہوٹل میں دوسرا PCR نیز سیرولوجی اینٹی باڈی ٹیسٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں