کورونا ؛ قطر نے سعودی عرب اور یو اے ای کو ریڈ لسٹ میں ڈال دیا

خلیجی ملک نے کورونا کے خطرے کی بنیاد پر سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں مزید 6 ممالک کا اضافہ کردیا ‘ اطلاق یکم جنوری 2022ء بروز ہفتہ سے ہوگا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 دسمبر 2021 16:44

کورونا ؛ قطر نے سعودی عرب اور یو اے ای کو ریڈ لسٹ میں ڈال دیا
دوحہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 دسمبر 2021ء ) قطر کے حکام نے عالمی وباء کورونا وائرس کے خطرے کی بنیاد پر متعدد ممالک کو اپنی سفر اور واپسی کی پالیسی کی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ، اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2022 بروز ہفتہ سے ہوگا۔ قطر کے مقامی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فہرست میں نئے شامل ہونے والے ممالک میں سعودی عرب، کینیا ، متحدہ عرب امارات، لبنان اور اردن شامل ہیں ، یہ پہلے گرین لسٹ والے ممالک تھے جب کہ فلپائن غیرمعمولی سرخ سے سرخ میں چلا گیا ہے ، بیلاروس سرخ سے سبز ہو گیا ہے، یعنی قطر کی گرین لسٹ میں اب 29 ممالک ہیں ، غیر معمولی ریڈ لسٹ میں اب 9 ممالک ہیں، جن میں مصر، نیپال، بنگلہ دیش، بوٹسوانا، لیسوتھو، نمیبیا، پاکستان، بھارت اور زمبابوے شامل ہیں ، یہ اپ ڈیٹ اومی کرون کے نئے ویرینٹ کے سامنے آنے کے بعد قطر میں مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ کی روشنی میں سامنے آیا ہے، جو پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

قطری حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریڈ لسٹ والے ممالک سے آنے والے مسافروں کو ایک منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کی ضرورت ہے جو پہنچنے سے 72 گھنٹے پہلے لیا گیا ہو ، زائرین کو پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج دستیاب ہونے تک ملک پہنچنے کے بعد انہیں 2 دن تک ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا ، قطر کے ایسے شہریوں یا رہائشیوں کے لیے قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہے جنہیں مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے جب کہ قطر کے شہریوں اور رہائشیوں کو جو مکمل طور پر ویکسین کر چکے ہیں اور گرین لسٹڈ ممالک سے واپس آ رہے ہیں انہیں واپس آنے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم انہیں دوحہ پہنچنے کے 36 گھنٹے کے اندر ٹیسٹ دینا ہوگا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں