سعودی عرب میں غیر مُلکیوں کو لُوٹنے والا سعودی گینگ گرفتار

یہ لوگ گاڑی چوری، رہزنی اور غیر مُلکی ملازماؤں کے خلاف وارداتوں میں ملوث تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 اگست 2019 11:13

سعودی عرب میں غیر مُلکیوں کو لُوٹنے والا سعودی گینگ گرفتار
دمام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،29 اگست 2019ء) سعودی عرب کے مشرقی ریجن کی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران غیر مُلکیوں کے ساتھ لُوٹ مار کرنے والا سعودی گینگ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ ڈکیت گینگ تین سعودی مردوں پر مشتمل تھا۔ جو نقاب پہن کر رہزنی، کار چوری اور گھروں میں گھُس کر غیر مُلکی ملازماؤں کی عصمت دری کے معاملے میں بھی ملوث تھے۔

اس تین رُکنی ڈکیت گینگ نے دمام، الخبر اور الظہر میں پانچ گاڑیاں چوری کیں اس کے علاوہ شاپنگ مالز میں بھی لوگوں سے سامان اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ ان لوگوں نے ایک گھر میں گھُس کر وہاں موجود ایک گھریلو ملازمہ کو زیادتی کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ جو اپنے مالک کے پاس مقیم تھی۔ ان افراد کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے قبضے سے پستول، نقاب اور دیگر چوری شدہ اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔ دوران تفتیش انہوں نے استغاثہ کے رُوبرو رہزنی کی 6 وارداتوں اور گاڑی چوری کی 5 وارداتوں کا اعتراف کیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پولیس نے ایک بنگلہ دیشی گینگ کو گرفتار کیا تھا جو لوگوں کو اغوا برائے تاوان کی مدد سے اغوا کرتا تھا۔ سات افراد پر مشتمل اس گینگ نے ایک بھارتی شہری کو اغوا کر کے اس کے گھر والوں سے 70 ہزار ریال تاوان طلب کیے تھے، مگر سعودی پولیس کی کارروائی کے باعث قانون کی گرفت میں آ گئے۔

سعودی پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس ملک میں قانون شکنی اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہے۔ کوئی بھی شخص اپنی غلط حرکات پر بچ نہیں سکتا، اسے سزا کا سامنا ضرور کرنا پڑے گا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں