وزیراعظم اہم ترین دورے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے

جدہ ائیرپورٹ پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کا خصوصی استقبال کیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 8 مئی 2021 00:32

وزیراعظم اہم ترین دورے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2021ء) وزیراعظم اہم ترین دورے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے کے سلسلے میں سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ خاتون اول بشریٰ بی بی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی سعودی عرب پہنچی ہیں۔

جدہ ائیرپورٹ پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کا خصوصی استقبال کیا۔


وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کے علاوہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم دو طرفہ معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور محمد بن سلمان کی ملاقات میں خطے میں قیام امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں اقوام امت مسلمہ کے امن، استحکام اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں