سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد العایش طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھی محمد العایش کی وفات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 اگست 2020 14:10

سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد العایش طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2020ء) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد العایش انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ اُردو نیوز کے مطابق محمد العایش کئی عہدوں پر فائز رہے۔ پائلٹ آفیسر، ایئر بیس کے ڈائریکٹر، فضائیہ کے ڈپٹی کمانڈر اور سعودی فضائیہ کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ 2014 سے معاون وزیر دفاع بدرجہ وزیر کام کررہے تھے۔

محمد العایش نے فضائی علوم میں گریجویشن کیا تھا پھر عسکری علوم میں ماسٹرز کیا۔ فضائیہ میں متعدد کورس کیے اور فیلو شپ پروگرام بھی کیا۔ انہیں کئی تمغے اور میڈلز ملے جن میں کنگ عبدالعزیز تمغہ، درجہ چہارم کا کنگ فیصل تمغہ، کویت کی جنگ آزادی کا تمغہ، فرانس سے نیشنل تمغہ، امریکہ سے متعدد تمغے شامل ہیں۔انہیں ایف 15 اڑانے کی تعلیم ایک ہزار گھنٹے تک دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس پر انہیں خصوصی میڈل ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائٹنگ طیارے کی ایک ہزار گھنٹے تک تعلیم پر درجہ دوم کا میڈل جیتا۔ ۔دوسری جانب پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العایش کی وفات پر گہرا دکھ اور افسوس ظاہر کیا ہے۔افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے سعودی قیادت اور محمد بن عبداللہ العایش کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان اور پاکستانی فوج نے ایک مخلص دوست کو کھو دیا ہے جو کہ دونوں ممالک کے مثالی برادرانہ تعلقات میں ایک روشن علامت سمجھے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم اخوت اور بھائی چارے کے نظریات کو اپناتے ہوئے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ نظریات جن کو پاسداری محمد بن عبداللہ العایش ہمیشہ کرتے رہے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں