ابو ظہبی: گاڑی کی اگلی سیٹ پر 10 سال سے کم عمر بچے کو بٹھانا ممنوع

اس ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب پر 400درہم کا جرمانہ کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 31 جنوری 2019 12:41

ابو ظہبی: گاڑی کی اگلی سیٹ پر 10 سال سے کم عمر بچے کو بٹھانا ممنوع
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری 2019ء ) ابو ظہبی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹریفک ضوابط کے حوالے سے کچھ ہدایات جاری کی ہیں جن میں سے ایک ہدایت یہ ہے کہ گاڑی کی اگلی سیٹ پر دس سال یا اس سے کم عمر بچے کو بٹھانا ممنوع ہے، یا دُوسری صورت یہ ہے کہ 145سینٹی میٹر (57 انچ) سے کم قد والا بچہ بھی ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر نہیں بیٹھ سکتا۔

اگر کوئی اس حرکت کا ارتکاب کرے گا تو اسے جرمانے کی مد میں 400 درہم کی ادائیگی کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کے ٹریفک قوانین میں تبدیلی کی گئی تھی جن کے مطابق دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون پر کال سُننے یا میسج کرنے کی صورت میں 800 درہم کا جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا اندراج ہو گا۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کی پچاس فیصد سے زائد وِنڈو ٹِنٹنگ پر 1500 درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اگر کوئی ڈرائیور 80 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ راستے پر حدِ رفتار کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اُسے تین ہزار روپیہ جرمانہ ادا کرنا ہو گا، اُس کے ڈرائیونگ لائسنس پر 23 بلیک پوائنٹس کا اندراج ہوتا ہے اور گاڑی 60 دِن کے لیے ضبط کر لی جاتی ہے۔ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے پر بیس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا یا پھر جیل کی سزا بھُگتنا ہو گی جبکہ بعض صورتوں میں یہ دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں، اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

اگر کوئی زائد المیعاد ٹائرز کے ساتھ گاڑی چلاتا ہے تو اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد ہو گا ، اس کے علاوہ چار بلیکس پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا اور گاڑی سات روز کے لیے ضبط بھی کر لی جائے گی۔ اگر کوئی شخص انشورنس اور رجسٹریشن کے بغیر گاڑی چلاتا ہوا پائے تو اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد ہوتا ہے، چار بلیک پوائنٹس کے علاوہ سات روز کے لیے گاڑی بھی ضبط ہو جاتی ہے۔

اگر کوئی ڈرائیور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایسی صورت میں اُس پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، لائسنس پر12 بلیک پوائنٹس درج ہونے کے بعد اُس کی گاڑی تیس روز کے لیے چھین لی جاتی ہے۔ اماراتی ٹریفک قانون کے مطابق کار میں سوار تمام افراد کو سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہے ، اس خلاف ورزی پر چار سو درہم کا جرمانہ ہوتا ہے اور چار بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے۔

اگر کوئی شخص اجازت نامہ حاصل کیے بغیر اپنی گاڑی میں کمائی کی غرض سے مسافروں کو بٹھاتا ہے تو اُس پر تین ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد ہو گا اور 24 بلیک پوائنٹس کا صدمہ بھی سہنا پڑے گا۔ کسی حادثے والی جگہ پر گاڑی روک کر ٹریفک بلاک کرنے کی صورت میں ایک ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا اور چھ بلیک پوائنٹس بھی درج ہوں گے۔ سڑک پر کوڑا کرکٹ اور کاغذ وغیرہ پھینکنے پر ایک ہزار درہم اور 6 بلیک پوائنٹس کی سزا ہوتی ہے۔

ہارڈ شولڈر پر ڈرائیونگ کرنے کی صورت میں ایک ہزار درہم کا جرمانہ اور چھے بلیک پوائنٹس بھُگتنا ہوں گے۔ ہارڈ شولڈر سے مراد موٹر ویز اور شاہراہوں پر وہ انتہائی جانب کی لین ہوتی ہے جس پر صرف ایمبولینسز اور پولیس کی گاڑیاں چل سکتی ہیں۔ اس لین میں دیگر گاڑیوں کا آنا ممنوع ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں