شارجہ میں تنخواہ نہ ملنے پر پاکستانی مشتعل ہو گیا، متعدد قیمتی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے

واقعے کی ویڈیو بنانے والے کے مطابق پاکستانی ملازم پچھلے 3 ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے بہت پریشان تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 مئی 2020 16:42

شارجہ میں تنخواہ نہ ملنے پر پاکستانی مشتعل ہو گیا، متعدد قیمتی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2020ء ) متحدہ عرب امارات میں اس وقت کورونا کی وبا کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، جس کی وجہ سے کمپنیوں نے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق حالیہ معاشی بحران کے باعث 20 ہزار پاکستانیوں کی نوکریاں ختم ہو گئی ہیں، جو امارات میں انتہائی پریشان پھر رہے ہیں اور فوری طور پر وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

سعودی اخبار المرصد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شارجہ میں مقیم ایک پاکستانی کارکن تنخواہ نہ ملنے پر شدید مشتعل ہو گیا، اورسڑک کنارے کھڑی متعد لگژری گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے، جس کے باعث گاڑی مالکان کا ہزاروں درہم کا نقصان ہو گیا ہے۔المرصد کے مطابق شارجہ میں رہائش پذیر ایک پاکستانی کارکن کوکمپنی کی جانب سے گزشتہ تین ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستانی کارکن کی جانب سے کئی بارروکی گئی تنخواہوں کا مطالبہ کیا گیا،مگر کمپنی انتظامیہ کی جانب سے اسے تنخواہوں کی مد میں رقم کی ادائیگی نہ کی گئی ۔ جس پر پاکستانی کارکن پریشانی میں اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھا اور سڑک کنارے کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو بنانے والے نے پاکستانی کی جانب سے توڑ پھوڑ کا شکار ہونے والی گاڑیاں دکھائی ہیں۔

جو خاصی مہنگی معلوم ہوتی ہیں۔ ویڈیو بنانے والا کوئی عربی ہے، جس نے بتایا ہے کہ ان گاڑیوں کے شیشے ایک پاکستانی کارکن نے توڑے ہیں، جس نے تین مہینوں کی تنخواہ نہ دیئے جانے پر یہ حرکت کی ہے۔ دُوسری جانب شارجہ پولیس کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے کہ سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے والے پاکستانی کارکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم سے اس خلافِ قانون حرکت پر تفتیش جاری ہے کہ اس نے یہ انتہائی اقدام کیوں اُٹھایا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو جلد استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ عدالت میں جُرم ثابت ہونے پر اسے کئی ماہ قید کی سزا بھُگتنا ہو گی ۔ اماراتی قانون کے مطابق ملزم کو گاڑیوں کو ہونے والا نقصان بھی بھرنا ہو گا۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل دُبئی میں ایک پاکستانی نے نوکری سے نکال دینے پر اسے کار پارکنگ میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جس کا کہنا تھا کہ اسے نوکری سے نکالنے کے بعد اس کے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے تھی، جس کی وجہ سے اس نے اشتعال میں آکر یہ قدم اُٹھایا۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں