کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،سردارعتیق احمد

تمام تر وسائل کو بروئے کارلانے کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہاہے،گفتگو

ہفتہ 6 جنوری 2024 18:55

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہاہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے،تمام تر وسائل کو بروئے کارلانے کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہاہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اورانسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کانوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے میں جاری ظلم وستم کو بند کرانے کیلئے ہندوستان پر دبائوبڑھائیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ دھیرکوٹ کے د وران مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کاپر امن حل ناگزیر ہے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کی طر ف سے نوجوانوں کے دوران حراست قتل ِ، گھروں پر چھاپے ، توڑ پھوڑ ، نوجوانوں کی گرفتاری ، خواتین اور بزرگوں سمیت مکینوںکو تشدد کا نشانہ بنانے اور املاک کو تباہ کرنے سے قابض حکام کی فسطائی ذہنیت اور ہندوتوا دہشت گردی کی عکاسی ہوتی ہے ۔

ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جابرانہ اقدامات ،آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے 5اگست 2019کے اقدام کو غیر قانونی ، غیر آئینی، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوںکے منافی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام گزشتہ سات دہائیوں سے حق خودارادیت سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔

کشمیری واضح طور پر تنازعہ کشمیر کے کسی بھی متبادل حل کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ وہ عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق ہندوستان سے مکمل آزادی چاہتے ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو تنازعہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرناچاہیے ۔

کشمیر اور فلسطین دو مسلم اکثریتی ریاستیں ہیں جہاں کئی دہائیوں سے بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر کوحل نہ کیاتو جنوبی ایشیاء کا امن خطرے میں پڑھ سکتا ہے۔دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کلس سبوکوٹ میں راجہ عنصر شفیق کے کزن،راجہ ناصر خان کے بھائی اور راجہ رضوان ناصر کے چچا راجہ جمیل خان کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ۔

بعدازاںصدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان رینگولی میں راجہ عابدمحبوب، راجہ امجدمحبوب اور راجہ عبدالحفیظ محبوب کی والدہ محترمہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ دھیرکوٹ میں سابق مشیر راجہ افتخار ایوب کی ہمشیرہ اور راجہ زاہد خان کی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی فاتحہ خوانی کی۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں