ہنگومیں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

5دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے ، ہلاک دہشت گرد ، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے،ترجمان سی ٹی ڈی

منگل 2 نومبر 2021 19:30

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2021ء) ہنگو کی تحصیل ٹل میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے اہلکار ہنگو کی تحصیل ٹل اور مضافات میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے بعد واپس جارہے تھے کہ جہازو میدان کے قریب دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہوگئے، جس کے بعد سی ٹی ڈی نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران علاقے سے 4 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ دہشت گردوں سے 4 عدد ایس ایم جی، 16 عدد چارجر، 04عدد بنڈولیر اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القائدہ ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا سے نام سے ہوئی ہے۔ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر حاتم گروپ سے ہے، جو دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں