انتخابی بانڈزدنیا کا سب سے بڑا گھپلہ ہے ،راہول گاندھی

اتوار 7 اپریل 2024 15:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما اورپارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ انتخابی بانڈ اسکیم دنیا کا سب سے بڑا گھپلہ ہے اور الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے لوگ ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے حیدرآباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو بھتہ خوری ڈائریکٹوریٹ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جسے پہلے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کہا جاتا تھا، آج بھتہ خوری ڈائریکٹوریٹ بن چکاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی واشنگ مشین چلا رہی ہے،ملک کے سب سے کرپٹ وزیر اور سب سے کرپٹ لیڈر نریندر مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں بھی نریندر مودی کے اپنے لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکٹورل بانڈز اسکیم کی فہرست سے پتہ چلتا ہے کہ ایک کمپنی کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سے خطرہ ہے اور پھر وہ کمپنی کروڑوں روپے بی جے پی کو دیتی ہے۔

اس کے بعد کمپنی کو کروڑوں روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے بینک کھاتوں کو منجمد کردیا گیا ہے لیکن کانگریس بی جے پی سے نہیں ڈرتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں بی جے پی کی بی ٹیم(بی آر ایس)کو شکست دی ہے اور اب وہ آنے والے انتخابات میں دہلی میں اے ٹیم کو شکست دینے والی ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے اور کانگریس ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی، یہ لڑائی آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہے۔

انہوں نے کہاکہ نریندر مودی تین سے چار فیصد لوگوں کے لیے کام کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہاکہ بھارت میں روزانہ 30کسان خودکشی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے امیروں کے 16لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کر دیے جبکہ کسانوں کا ایک روپیہ قرض بھی معاف نہیں کیا گیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں