مبینہ ویڈیو اورآڈیو کی فرانزک تصدیق کے حوالے سے جھوٹ لیگ اور جھوٹ مافیا کی پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ، من گھڑت اور قابل مذمت ہیں،

مبینہ ویڈیو اورآڈیو نہ ہی پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھجوائی گئی اورنہ ہی کوئی رپورٹ بنی ہے،سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام میں بے سروپا باتیں پھیلا رہا ہے،مریم صفدر آپ کا یہ بیانیہ کون مانے گا ویڈیو معاملہ عدالت میں ہے اور ایف آئی اے اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گا، 16سال پرانی ویڈیو کو کس طرح ٹیمپرڈ کیا گیا اس حوالے سے اصل حقائق پیش کئے جائیں گے، تازہ ترین بھاشن دینے والے ارسطو احسن اقبال کے پاسسرحدی علاقے میں سپورٹس سٹیڈیم بنانے کے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن کا جواب دینے کے لئے وقت نہیں لیکن عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ان کے پاس بہت وقت ہے،قبائلی اضلاع میں عوام نے بارود کی بو کو ووٹ کی خوشبو سے شکست دی ہے جس پر پوری قوم ، افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی قربانیوں میں انضمام شدہ اضلاع میں امن قائم ہوا،وزیراعظم عمران خان اپنے اہم ترین دورہ امریکاکے دورانپاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کی ترجمانی کریں گے،ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے جو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:55

مبینہ ویڈیو اورآڈیو کی فرانزک تصدیق کے حوالے سے جھوٹ لیگ اور جھوٹ مافیا کی پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ، من گھڑت اور قابل مذمت ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مبینہ ویڈیو اورآڈیو کی فرانزک تصدیق کے حوالے سے جھوٹ لیگ اور جھوٹ مافیا کی پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ، من گھڑت اور قابل مذمت ہیں، مبینہ ویڈیو اورآڈیو نہ ہی پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھجوائی گئی اورنہ ہی کوئی رپورٹ بنی ہے،سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام میں بے سروپا باتیں پھیلا رہا ہے،مریم صفدر آپ کا یہ بیانیہ کون مانے گا ویڈیو معاملہ عدالت میں ہے اور ایف آئی اے اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گا، 16سال پرانی ویڈیو کو کس طرح ٹیمپرڈ کیا گیا اس حوالے سے اصل حقائق پیش کئے جائیں گے، تازہ ترین بھاشن دینے والے ارسطو احسن اقبال کے پاسسرحدی علاقے میں سپورٹس سٹیڈیم بنانے کے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن کا جواب دینے کے لئے وقت نہیں لیکن عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ان کے پاس بہت وقت ہے،قبائلی اضلاع میں عوام نے بارود کی بو کو ووٹ کی خوشبو سے شکست دی ہے جس پر پوری قوم ، افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی قربانیوں میں انضمام شدہ اضلاع میں امن قائم ہوا،وزیراعظم عمران خان اپنے اہم ترین دورہ امریکاکے دورانپاکستان اور اس کے عوام کے مفادات کی ترجمانی کریں گے،ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے جو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی )میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹ لیگ اورجھوٹ مافیا کا ایک اور نیا پینترا سامنے آیا ہے‘ راج کماری جب عدالت میں پیش ہوئیں تو انہوں نے اپنے دل کے بجائے قدموں سے تھوڑا اوپر نواز شریف کو جگہ دی اور اپنے لباس کو مارکیٹنگ کا ذریعہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ آپ کا خاندان 40صندوقوں سمیت باہر چلا گیا تھا،آپ اپنے سرور کیلئے سرور پیلس میں چلے گئے تھے اور اب پھرآپ نے ثابت کیا کہ آپ سیاسی شعور اور سیاسی بلوغت سے عاری ہیں ،اس رنگ باز ٹولے نے گفتگوکو نئے انداز سے چلوایا اور یہ تاثر دیا کہ کوئی این آر او کیلئے انہیں مجبور کررہا ہے اورایسا ظاہر کیا گیا کہ اعلیٰ صفات کا حامل یہ ٹولہ آگے آگے اور معاہدہ کرنے والے پیچھے پیچھے ہیں اوریہ عوام میں بے سروپا باتیں پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر صاحبہ آپ کا یہ بیانیہ کون تسلیم کرے گا، آپ اور آپ کی جماعت پہلے ہی جھوٹ بولنے کا اعزاز قائم کرچکے ہیں اب مزید کتنے جھوٹ بولیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو جھوٹ لیگ کی بیٹھک ہوئی اس میںبھی عوام کو گمراہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیئے‘ بعض ذرائع ابلاغ میں ویڈیو آڈیوفرانزک کی تصدیق سے متعلق غیرمصدقہ خبریں چلائی گئیں اورکوئی ایسی ٹیپ پنجاب فرانزنک کو نہ بھجوائی گئی ہے اور نہ ہی رپورٹ کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت ہے اور اس کے پس پردہ جو میڈیا مہم چلائی گئی اس کی سختی سے مذمت کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ارسطو جو بارڈر پر سٹیڈیم بنانے میں مصروف رہے ان سے نیب پوچھ رہی ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق بتائیں تو ان کے پاس وقت نہیں ہوتا لیکن عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ان کے پاس وقت ہی وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان کے تمام اداروں، نیب، ایف آئی اے کے اختیارات اپنے پاس لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں اداروں کا بااختیار ہوکر قانون کی عملدراری سے آگے بڑھنا ان کو برداشت نہیں جو آج کی جھوٹ بیٹھک تھی اس میں سب سے زیادہ جھوٹ بولنے کی بنیاد پرذمہ داریاں دی گئیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں کے انضمام شدہ قبائلی اضلاع میں یکجہتی کا اظہار ہوا اوردہشت گردی نے جن لوگوں کی زندگی اجیرن کردی تھی آج ان لوگوں نے آزادانہ اور شفاف انتخابات میں حصہ لیا،صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر285امیدواروں نے بھرپورحصہ لیا اوراپنا آئینی حق استعمال کیا،پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور وہاں کے غیورعوام جنہوں نے قربانیاں دے کرامن قائم کیا اور آج اس آئینی عمل میں شریک ہوئے یہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے ووٹ کے تقدس کی توثیق کی ہے اورجہاں بارودکی بو تھی وہاں آج امن کی خوشبو سے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ انضمام شدہ اضلاع کو سیاسی بااختیاری کے بعد انہیں معاشی طور پر با اختیار بنایا جائے اور ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے مقابلے میں ان پسماندہ علاقوں کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ انتخابات عمران خان کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیںجس سے قبائلی اضلاع میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اورعمران خان ہی ان کیلئے امید اور روشنی کا چراغ ہیں، پولنگ سٹیشن کی جانب بڑھنے والا ہر قدم قانون کی عملداری اور حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معمول کی پرواز سے امریکا جا کر قوم کو سادگی کا پیغام دیا ہے کہ آپ اورآپ کے حقوق کی پاسداری اور تحفظ کرتے ہوئے امریکا میں 22کروڑ عوام کا سر فخرسے بلند کریں گے اور جیب سے پرچی نکال کر امریکی قیادت سے ہم کلام نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کسی جماعت یا حکومت کا نہیں بلکہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے جارہے ہیں، ہمارے 76 ہزار سول و فوجی لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عمران خان کی قیادت میں ایک اہم امن کا داعی ملک بن کر ابھرا ہے اور پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور امن کے حوالے سے پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم اپنے دورہ امریکا کے دوران پاکستان کے موقف کی ترجمانی کریں گے اور باقی ادارے ان کے موقف کی تائید کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا واحد ایجنڈا یہ ہے کہ پاکستان کو آگے کیسے لے کرچلنا ہے اور یہی پرائم ایجنڈا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے میانوالی کے جلسے میں بھی واضح کردیا ہے کہ نہ کوئی این آر او ہوگا اورنہ کوئی ڈیل ہوگی اور وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ نہ ڈھیل ہوگی نہ کوئی ڈیل ہوگی، قانون اور ادارے اپنا راستہ خود بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی گھٹن کا شکار یہ ٹولہ اپنے لئے آکسیجن تلاش کررہا ہے، نہ ہی اس ٹولے سے کسی کے کوئی مذاکرات ہوئے ہیں اور نہ ہی کوئی مشاورت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم بی بی اپنی اکھڑی سانسوں کوسہارا دینے اور بحال رکھنے کیلئے کوئی نہ کوئی پتا پھینکتی رہتی ہیں، انہیں چاہئے کہ عدالتوں میں منی ٹریل سے متعلق ثبوت دیں اوراپنے بھائیوں کو بھی یہی مشورہ دیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گڈے گڈی کا کھیل کھیلنے والی نادان اپوزیشن اپنی خواہشات کے تحت آئین کو چلانا چاہتی ہے اور نادان اپوزیشن آئینی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے کیونکہ چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ دونوں کے غیرفعال ہوجانے سے آئینی بحران پیدا ہوگا اور اختیار صدر کے پاس جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کسی سیاسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اپوزیشن جانتی ہے کہ آئینی راستہ کیا ہے، موجودہ حکومت آئین کے تقدس پر یقین رکھتی ہے اور اس تقدس کو برقرار رکھے گی۔

ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان پر ایک وار کیا تاکہ پاکستان کو گرے لسٹ میں لے جایا جاسکے لیکن ہم ان دوست ممالک کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہمیں گرے لسٹ میں جانے سے بچایا تاہم یہ خطرہ ابھی تک ٹلا نہیں ہے اور جب تک منی لانڈرنگ اور سیاسی اداکاروں اور نام نہاد شخصیات کے ٹی ٹی کے ذریعہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی رہی یہ خطرہ موجود رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کی گرفتاری کا تعلق نیشنل ایکشن پلان سے ہے اس گرفتاری کا کسی اور عمل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں