ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان میں عید الفطر بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد ،امام بارگاہوں ، کھلے میدانوں اور عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہونگے

بدھ 10 اپریل 2024 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان میں عید الفطر (آج) بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد ،امام بارگاہوں ، اور عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے ، علما کرام اپنے خطبات میں عید الفطر کی فضلیت اور پر مسرت تہوار پر روشنی ڈالیں گے، ملک کی ترقی ، خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوگا، پاکستان کے دورہ پر آئے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسی خطبہ دیں گے اور نماز عید کی امامت کریں گے۔ اعلی حکومتی عہدیدار اور مسلمان ملکوں کے سفرا نماز عید ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں نے عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں ۔

آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جو ش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔کراچی میں نماز عید کے اجتماعات شہر کی مساجد، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں منعقد ہوں گے۔ نماز عید کا مرکزی اجتماع گلشن جناح میں ہوگا جبکہ دوسرے بڑے اجتماعات عید گاہ ناظم آباد، نشتر پارک، ٹی گرائونڈ اور دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوں گے۔سندھ حکومت نے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔

پشاور میں نمازعید کا مرکزی اجتماع چارسدہ روڈ پشاور میں منعقد ہو گا۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی عیدالفطر کل مذہبی جو ش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ کوئٹہ میں کھلے مقامات، پارکوں، مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں نمازعید کے دوسو سے زائد اجتماعات منعقد ہوں گے۔ نماز عید کے اجتماعات میںعلما کرام و خطیب حضرات اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ ملکی ترقی اور امت مسلمہ کی فلاح وبہبود، کشمیر اور فلسطین سمیت تمام مسلم مقبوضہ علاقوں کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

میٹھی عید منانے کے لئے خواتین بچوں اور منچلوں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اس حوالے سے چاند رات کو مارکیٹوں اور بازاروں میں خوب رش رہا،خواتین بیوٹی پارلر اور مہندی لگانے اوررنگ برنگی چوڑیوں کے اسٹالوں پر مصروف رہیں جبکہ نوجوان اور منچلے ہیر سیلون کی دکانوں پر امڈ آئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں