منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی: آصف زرداری اورفریال تالپور کی حکم امتناع کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ نے تو لکھ دیا کہ ہم کیس اسلام اباد منتقل کرنے کا حکم دیتے ہیں . چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 مارچ 2019 10:44

منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی: آصف زرداری اورفریال تالپور کی حکم امتناع کی درخواست مسترد
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 مارچ۔2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقلی کیخلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی ہے . تفصیلات کے مطابق، منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی منی لاندرنگ کیس کی منتقلی کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی.

دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ تو سپریم کورٹ کا حکم تھا اس لئے نیب نے انکوائری کو آگے بڑھایا جس پردرخواست گزاروں کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ ٹرانسفر کرنے کا حکم نہیں دیا تھا.

(جاری ہے)

عدالت نے چیئرمین نیب اور بینکنگ کورٹ کو 26 مارچ کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوءڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کو بھی طلب کرلیا. درخواست گزاروں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی مقدمہ منتقلی کی درخواست بد نیتی پر مبنی تھی،درخواست میں سپریم کورٹ کے حکم کی غلط تشریح کی گئی ،سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے مقدمہ 04/18 کو تفتیش کیلئے نیب کے سپرد نہیں کیا.

بینکنگ کورٹ کا حکم انصاف کے بنیادوں اصولوں کے برخلاف ہے،مقدمہ اسلام آباد منتقلی سے ملزمان اور گواہوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گاجبکہ عدالت نے انور مجید اور عبدالغنی کی درخواستوں پر بھی نوٹس جاری کر ددیئے. چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تو لکھ دیا کہ ہم کیس اسلام اباد منتقل کرنے کا حکم دیتے ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب کیا بچتا ہے،یہ بتائیں نیب کے کس قانون کے تحت ضمنی چالان پیش کر سکتا ہے.

عدالت نے مقدمہ منتقلی کیخلاف حکم امتناع کی آصف زرداری کی استدعا مسترد کردی. سماعت کے بعد آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ عدالت نے نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس کردیئے ہیں، عدالت نے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی. انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ تمام ریکارڈ منگوایا جائے لیکن عدالت نے میری استدعا مسترد کردی.دوسری جانب سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹس کو بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے‘نیب نے آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کو 20 مارچ کو طلب کر رکھا ہے.

ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں سابق صدر آصف زرداری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نیب کے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے. انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ 2 نجی کمپنیوں کے لین دین کے معاملے پر نیب مداخلت نہیں کر سکتا جبکہ نیب کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین اسٹیٹ کمپنی کے 25,25 فیصد شیئر ہولڈرز ہیں. یاد رہے چیئرمین نیب کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزموں کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے زر ضمانت بھی خارج کرنے کا بھی حکم دیا تھا.

آصف زرداری نے پیشی کے موقع پر کہا تھا کہ کیس منتقلی سے فرق نہیں پڑتا جبکہ وکلاصفائی کاکہناتھا کیس منتقلی کافیصلہ چیلنج کریں گے.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں