سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم، انڈیکس 71 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

آج کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 466 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ روز انڈیکس 70 ہزار 500 سے اوپر کی سطح پر بند ہوا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 11:41

سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم، انڈیکس 71 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا جہاں 100 انڈیکس نے 71 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔ تفصیلات کے ماطبق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے جہاں آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 71 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، منگل کو کاروبار کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 466 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوا، گزشتہ روز انڈیکس 70 ہزار 500 سے اوپر کی سطح پر بند ہوا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ان دنوں تیزی کی ایک بڑی وجہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے ممکنہ انویسٹمنٹ ہے، اس ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا سعودی وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا، معاشی ماہرین سمجھتے ہیں سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد کے دورہ پاکستان کے بھی مارکیٹ پر مثبت اثرات پڑے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی پاکستان میں باقائدہ مصروفیات کا سلسلہ آج سے شروع ہو گا، سعودی وفد پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہا ہے، سعودی وفد میں وزیر آب و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی شامل ہیں، سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف اور نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر بھی وفد کا حصہ ہیں، وفد میں سربراہ سعودی خصوصی کمیٹی محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی و سعودی فنڈ برائے سرمایہ کاری کے حکام بھی شامل ہیں، سعودی وزیر توانائی وفد کا حصہ نہیں ہین تاہم سعودہ عرب کی توانائی کی ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وفد کا دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ ملاقات کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کی مفاہمت کو تیز کرنے کے لیے ہے، سعودی وفد کا دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اظہار خواہش پر ہو رہا ہے، فیصل بن فرحان بن عبداللہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ آج ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کی تقریب کی مشترکہ صدارت کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ ایس آئی ایف سی کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ آج صدر مملکت، وزیر اعظم مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے، وفد میں شامل سعودی وزراء کی اپنے شعبوں میں آج مختلف ملاقاتیں علیحدہ سے بھی شیڈول ہیں، دورے کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جاے گا، پاکستان موجودہ منصوبوں کے ساتھ سعودی سرمایہ کاری کے لیے نیے منصوبوں کی تجاویز پیش کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں