منگھوپیر ٹارگٹ کلنگ کا شکار جماعت اسلامی کے رہنما کے صاحبزادے سپرد خاک ، حافظ نعیم الرحمن کا قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،گورنر ، وزیر اعلیٰ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی نوٹس لیں ، حافظ نعیم الرحمن کا جنازے کے شرکاء سے خطاب محمد علی گزشتہ شب اپنی دکان پر ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی اور بعدازاں شہید ہوگئے ، واردات میں حاجی اسحاق اور ان کے بھائی بھی زخمی ہوئے

منگل 27 جولائی 2021 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) پیر اور منگل کی درمیانی شب منگھوپیر میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں شہید ہونے والے جماعت اسلامی منگھوپیر کے ناظم علاقہ حاجی محمد اسحاق خان کے جواں سال صاحبزادے محمد علی کو منگل کے روز سپرد خاک کر دیا گیا ،جنازے کے موقع پر پورے علاقے میں سوگ کا سماں تھا اور ہرآنکھ اشکبار تھی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے منگھوپیر روڈ پر نماز جنازہ کی امامت کی اور تدفین منگھوپیر قبرستان میں ہوئی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے جنازے کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے محمد علی کے قاتلوں کو 3دن کے اندر گرفتار نہیں کیا تو جماعت اسلامی بھر پور احتجاج کرے گی ،ہماری امن پسندی اور پر امن رہنے کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ٹارگٹ کلنگ کی اس واردات کی شدید مذمت کرتے ہیں ، گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ قتل کی اس واردات کا فوری نوٹس لیں اور مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ڈاڈیکس یونائیڈ فیکٹری گلزار آباد خمیسو گوٹھ سیکٹر 5 ایف کے قریب حاجی محمد اسحاق خان کی ہارڈویئر کی دکان پر پیش آیا ، جہاں ملزمان کی فائرنگ سے حاجی محمد اسحاق خان اور ان کے بھائی 63سالہ سراج الدین اور صاحبزادے 25سالہ محمد علی شدید زخمی ہوئے ، محمد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے جنازے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال خراب کر دی ہے، شہر میں سماجی کارکن کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اگر صورتحال کو بروقت قابو نہ کیا گیا تو سماجی کارکن قتل اور دہشت گرد پیدا ہوتے رہیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اربوں روپے کا بجٹ دیا جاتا ہے ، لیکن پھر بھی یہ کراچی میں امن وا مان برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی نہ ہونے سے شہر یرغمال بن چکا ہے عوام میں خوف وہراس پایا جاتا ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور پولیس اور رینجرز جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف فوری اور منظم کاروائی کا آغاز کریں۔

جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر محمد اسحاق خان نے کہا کہ گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ شہر کا امن و امان خراب کرنے کی بڑی سازش ہے۔ جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر مولانا مدثر حسین انصاری نے کہا کہ جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہید محمد علی کے والد حاجی محمد اسحاق خان نے کہا کہ یہ شہادت کا سفر ہے، میرے بیٹے کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس خون کی سرخی پاکستان میں اسلام کے غلبے کا ذریعہ بنے گی۔

نمازجنازہ میں سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، ڈپٹی سیکریٹری عبد الرزاق خان ، امیرضلع کیماڑی فضل احدحنیف ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ڈاکٹر نور الحق ، سلیم مندوخیل ، عبدالمجید خاصخیلی سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں